سوات: پولیس کے لیے اہم سافٹ ویئر بنانے والے گولڈ میڈلسٹ کانسٹیبل

سوات پولیس کے لیے اہم سافٹ ویئر بنانے والے گولڈ میڈلسٹ کانسٹیبل گوہر علی یہ تاثر غلط ثابت کر رہے ہیں کہ پولیس میں صرف کم تعلیم یافتہ نوجوان ہی بھرتی ہوتے ہیں۔

پولیس کے لیے کئی اہم سافٹ ویئر بنانے اور اپنی تعلیمی قابلیت پر سوات یونیورسٹی سے گولڈ میڈل حاصل کرنے والے کانسٹیبل گوہرعلی یہ تاثر غلط ثابت کر رہے ہیں کہ پولیس میں صرف کم تعلیم یافتہ نوجوان ہی بھرتی ہوتے ہیں۔

انڈپینڈنٹ اردو سے خصوصی گفتگو میں کانسٹیبل گوہر علی کا کہنا تھا کہ ’جب مجھے معلوم ہوا کہ میرا نام گولڈ میڈل حاصل کرنے والوں میں شامل ہے تو خوشی کی کوئی انتہا نہیں تھی۔‘

گوہر علی نے بتایا کہ ’پولیس میں اعلی تعلیم یافتہ نوجوانوں کی موجودگی اہمیت کی حامل ہےکیوں کہ جرائم کی روک تھام کے لیے تعلیم یافتہ پولیس ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔‘

موجودہ دور میں پولیس کے کام کرنے کے انداز پر بات کرتے ہوئے گوہر کا کہنا تھا کہ ’ماضی اور حال کی پولیس تفتیش میں زمین اور آسمان کا فرق ہے۔ تعلیم یافتہ نوجوان سائنس اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے جرائم کی روک تھام میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔‘

گوہر کا کہنا تھا کہ ’یہ تاثر آج کل کے دور میں غلط ہے کہ پولیس میں کم تعلیم یافتہ لوگ ہیں کیوں کہ آج کل بی اے اور ماسٹر ڈگری ہولڈرز بطور کانسٹیبل پولیس میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں جو پولیس اور عوام کے لیے خوش آئند ہے۔‘

پولیس کے لیے اپنی تکنیکی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے گوہر کا کہنا تھا کہ ’میں نے پولیس کے لیے مختلف سافٹ ویئرز بنائے ہیں جیسا کہ نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے سافٹ ویئر۔ جس میں ملاکنڈ ڈویژن کے تمام اضلاع میں میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر کا ڈیٹا محفوظ ہے۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ’دوسرا ہوٹل واچ نامی سافٹ ویئر ہے جس میں سوات کے تمام ہوٹلز کا ڈیٹا بمع پتہ درج ہے جو پولیس کو ہوٹل میں قیام پذیر شخص کے بارے میں معلومات دیتا ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ہوٹل واچ نامی سافٹ ویئر کی افادیت پر بات کرتے ہوئے گوہر کا کہنا تھا کہ ’مشتبہ شخص کی موجودگی پر سافٹ ویئر قریبی پولیس سٹیشن کو ایک خود کار پیغام بھیج دیتا ہے جس میں مشتبہ شخص کے جرائم کی مکمل تفصیل ہوتی ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ’کرائم منیجمنٹ سسٹم کا ایک سافٹ ویئر بھی بنایا ہے جس میں عادی جرائم پیشہ افراد کا ڈیٹا محفوظ کیا جاتا ہے جو پولیس کے لیے کافی مددگار ہے۔ چوری یا قتل کی واردات کے دوران اس سسٹم میں سرچ کرنے سے پولیس کو تفتیش میں آسانی ہوتی ہے۔‘

اس کے علاوہ گوہر نے سٹولن وہیکل نامی ایپ ، شناختی کارڈ کلیئرنس ایپ، فرنٹیئر ریزرو پولیس (ایف آر پی) مینجمنٹ سسٹم اور جی ایس ایم سافٹ ویئر بھی بنائے ہیں۔

گوہر علی کو پولیس محکمے کی طرف سے ان کی قابلیت اور خدمات کے نتیجے میں کئی تہنیتی اسناد سے نوازا گیا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان