دنیا میں کئی سال پہلے لانچ ہونے والی ’نئی سوئفٹ‘ پاکستان آ گئی

پاکستان میں لانچ ہونے والی نئی سوزوکی سوئفٹ کے کتنے ویرینٹس ہیں اور ان کی قیمتیاں کیا ہیں؟

 بھارت میں یہ گاڑی سال 2021 میں لانچ کی گئی   تھی(تصویر ڈیویلپنگ پاکستان/  ٹوئٹر)

پاک سوزوکی موٹر کمپنی نے جمعرات کو پاکستان میں سوئفٹ گاڑی کا نیا ورژن لانچ کر دیا۔

سٹارٹ اپ پاکستان ریکارڈر کے مطابق سوزوکی کی نئی گاڑی کو کراچی اور اسلام آباد کے آؤٹ لیٹس پر نمائش کے لیے پیش کیا گیا۔

کمپنی کے مطابق ’نیو سوزوکی سوفٹ 2022‘ میں 1.2 لیٹر انجن نصب ہے اور یہ گاڑی تین مختلف ماڈلز میں دستیاب ہو گی۔

سوئفٹ کی یہ فورتھ جنریشن مقامی مارکیٹ میں کتنی کامیاب ہو گی اس کا انحصار اسی کی قیمتوں پر ہو گا۔

پاکستانی مارکیٹ میں گاڑیوں کی بڑھتی قیمتوں اور مقابلے میں موجود پروٹون ساگا اور چانگان ایلسون کے باعث سوئفٹ کو سخت مقابلے کا سامنا ہو سکتا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کل لانچ ہونے والی سوئفٹ دنیا بھر کے کئی ممالک میں کئی سال قبل لانچ ہو چکی ہے۔

سوزوکی سوئفٹ 2022 کے پاکستان میں تین ویریئنٹ لانچ کیے جا رہے ہیں جن کی قیمتیں جی ایل ایم ٹی 24 لاکھ 99 ہزار روپے، جی ایل سی وی ٹی 26 لاکھ 99 ہزار روپے اور جی ایل ایکس سی وی ٹی 28 لاکھ 99 ہزار روپے ہیں۔

ہمسایہ ملک بھارت میں یہ گاڑی سال 2021 میں لانچ کی گئی تھی اور وہاں اس کے سات ویریئنٹ دستیاب ہیں۔

قیمتوں کی بات کی جائے تو دارالحکومت دہلی میں اس کے ایل ایکس آئی ویریئنٹ کی قیمت پانچ لاکھ 90 ہزار بھارتی روپے ہے جبکہ ممبئی میں اس کی قیمت پانچ لاکھ 89 ہزار بھارتی روپے سے تھوڑی اوپر ہے۔ اس وقت ایک بھارتی روپیہ 2.35 پاکستانی روپے کے برابر ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بھارت میں وی ایکس آئی کی قیمت چھ لاکھ 74 بھارتی روپے جبکہ سب سے مہنگے ویریئنٹ کی قیمت آٹھ لاکھ 63 ہزار بھارتی روپے ہے جو پاکستانی کرنسی کے حساب سے 20 لاکھ 18 ہزار روپے بنتے ہیں۔

دونوں ممالک میں گاڑی کی قیمتوں کا انحصار مختلف ٹیکسز اور ڈیوٹیز پر ہوتا ہے۔

پاکستان میں لانچ کی جانے والی اس گاڑی میں کی لیس سمارٹ انٹری، پارکنگ سینسرز، ریئر ویو کیمرہ، ریئر وائپر، ریئر ایل ای دی لائٹس، تمام مسافروں کے لیے حفاظتی ایئر بیگز، سیفٹی کار الارم، پش سٹارٹ بٹن اور کلائیمیٹ کنٹرول جیسی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

اس کے علاوہ بھارت میں لانچ کی جانے والی اسی گاڑی میں پاکستان کے مقابلے میں دیے جانے والے فیچرز کچھ زیادہ اور گاڑی کی بلندی میں معمول ردوبدل کیا گیا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی ٹیکنالوجی