جاوید آفریدی چیلسی فٹ بال کلب خریدنے کی دوڑ میں شامل: رپورٹ

چیلسی فٹ بال کلب کے روسی مالک رومن ابرامووچ نے مبینہ طور پر چیلسی ایف سی کو فروخت کے لیے پیش کر دیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ کی فرینچائز پشاور زلمی کے مالک آفریدی اب دنیا کے سب سے بڑے فٹ بال کلبوں میں سے ایک خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہیں  (تصویر: جاوید آفریدی انسٹاگرام)

پاکستان کی کاروباری شخصیت اور پاکستان سپر لیگ کی فرینچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی انگلش فٹ بال کلب چیلسی کو خریدنے کی دوڑ میں شامل ہیں۔

اس بات کا انکشاف ہسپانوی کھیلوں کی ویب سائٹ سوئے میدریدستا نے بدھ کو ایک ٹویٹ میں کیا۔

چیلسی فٹ بال کلب کے روسی مالک رومن ابرامووچ نے مبینہ طور پر چیلسی ایف سی کو فروخت کے لیے پیش کر دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ابرامووچ نے کلب کو فروخت کرنے کا فیصلہ اس لیے کیا کیوں کہ گذشتہ ہفتے ماسکو کی جانب سے یوکرین پر حملے کے بعد پریمیئر  لیگ کی فرینچایز کے روسی مالک کے طور پر ان کی پوزیشن پر دباؤ بڑھ گیا تھا۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان سپر لیگ کی فرینچائز پشاور زلمی کے مالک آفریدی اب دنیا کے سب سے بڑے فٹ بال کلبوں میں سے ایک خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

ذرائع نے خلیج ٹائمز کو تصدیق کی کہ اس حوالے سے آفریدی کی برطانوی حکام سے ایک ملاقات ہو چکی ہے۔

خلیج ٹائمز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا: ’آفریدی کی ٹیم نے بدھ کی سہ پہر کو برطانیہ میں کھیلوں اور قانونی ایجنسی کے ساتھ ملاقات کی۔ یہ سرمایہ کاروں کا ایک گروپ ہے جو چیلسی فٹ بال کلب خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔‘

رپورٹ کے مطابق: ’وہ سمجھتے ہیں کہ فٹ بال میں سرمایہ کاری کرنے کا یہ صحیح وقت اور موقع ہے۔ (برطانیہ میں متعلقہ حکام) چاہتے ہیں کہ ایشیا سے کوئی آکر اس میں سرمایہ کاری کرے۔ وہ ابھی ان کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔‘

جاوید آفریدی اوران کے سرمایہ کاروں کے گروپ کو سوئس ارب پتی شخصیت ہانسیورگ ویس سے سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جن کا دعویٰ ہے کہ ابرامووچ کی جانب سے انہیں پیشکش موصول ہوئی ہے۔

اس حوالے سے انڈپینڈنٹ اردو نے جاوید آفریدی سے رابطہ کر رکھا ہے اور ان کا موقف جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

روسی ارب پتی شخصیت ابرامووچ نے اپنی دولت سے کلب کو جون 2003 میں خرید کر یورپ کی سب سے بڑی ٹیموں میں تبدیل کر دیا تھا۔

2003 میں ابرامووچ کی جانب سے کلب خریدنے کے بعد سے چیلسی نے پانچ پریمیئر لیگ ٹائٹلز کے ساتھ ساتھ پانچ ایف اے کپ ٹرافیز بھی جیتی ہیں۔

اس کلب نے دو مرتبہ 2012 اور 2021 میں چیمپئنز لیگ بھی جیتی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 55 سالہ ابرامووچ نے بدھ کے روز لوٹن میں چیلسی کی جانب سے دو کے مقابلے میں تین گول سے ایف اے کپ کے پانچویں راؤنڈ میں فتح سے ایک گھنٹہ سے بھی کم وقت پہلے اس خبر کا انکشاف کیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ ناقابل یقین حد تک اس مشکل نتیجے پر پہنچے ہیں کہ یوکرین پر روس کے حملے کے سیاسی پس منظر میں انہیں چیلسی کو فروخت کرنا ہوگا۔

اے ایف پی کے مطابق ابرامووچ نے مبینہ طور پر روسی صدر ولادی میر پوتن سے اپنے ذاتی اور کاروباری روابط کی وجہ سے برطانوی حکومت کی پابندیوں کی زد میں آنے کے خدشے چیلسی ایف سی کو فروخت کرنے کا ارادہ کیا۔

ابرامووچ چیلسی ایف سی کو چار ارب ڈالر میں فروخت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اس فروخت کے بعد منافع کی رقم یوکرین کے تنازع  کے متاثرین کو دینے کا عہد کیا ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل