2013 عام انتخابات: ایاز صادق کی اپیل پر وزیراعظم کو نوٹس جاری

الیکشن ٹریبیونل نے 2013 میں قومی اسمبلی كے حلقے این اے 122 پر مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق سپیكر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جیت کو وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر سماعت کے بعد کالعدم قرار دیا تھا، جسے ایاز صادق نے سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔

 سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق 16 دسمبر 2014 کو کویت سٹی میں کویت کی قومی اسمبلی میں پارلیمنٹ کے اجلاس میں شریک ہیں (فائل تصویر: اے ایف پی)

سپریم کورٹ نے جمعرات کو پاكستان مسلم لیگ ن كے رہنما سردار ایاز صادق كی 2013 کے عام انتخابات میں دھاندلی كے الزامات سے متعلق درخواست پر وزیر اعظم عمران خان کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔

سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ نے الیکشن کمیشن آف پاكستان اور نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کو بھی نوٹس جاری كیے۔

الیکشن ٹریبیونل نے 2013 میں قومی اسمبلی كے حلقے این  اے 122 پر مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق سپیكر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جیت کو کالعدم قرار دیا تھا، جن کی کامیابی کے خلاف درخواست وزیراعظم عمران خان نے دائر كی تھی۔

سردار ایاز صادق نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ آف پاكستان سے رجوع کر رکھا ہے۔

جمعرات کو سماعت کے دوران سابق سپیكر قومی اسمبلی نے عدالت میں موقف اختیار كیا كہ دھاندلی کے الزامات كی آڑ میں ان كی کردار کشی کی گئی اور انہیں جھوٹا قرار دیا گیا۔

انہوں نے كہا كہ بطور سپیکر انہیں بہت زیادہ باتیں سننا پڑیں، كیونكہ ان كے بارے میں دھاندلی کرنے کا تاثر بنایا گیا تھا۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

چیف جسٹس آف پاكستان عمر عطا بندیال نے ان سے دریافت كیا كہ كیا اس کے بعد وہ انتخابات ہار گئے تھے؟ جس پر سردار ایاز صادق نے جواب دیا كہ وہ اس کے بعد بھی انتخابات میں كامیابیاں حاصل كرتے رہے ہیں۔ 

اس پر چیف جسٹس نے ریماركس دیے: ’ایاز صادق صاحب، آپ بہت حساس ہیں۔‘

جسٹس محمد علی مظہر نے ایک موقعے پر كہا كہ ہتک عزت کا قانون بڑا واضح ہے اور اگر ایاز صادق كی کردار کشی ہوئی ہے تو وہ ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر سكتے ہیں۔ 

اسی طرح چیف جسٹس نے سماعت کے دوران ایک موقعے پر كہا كہ 2013 كا الیکشن اور ان اسمبلیوں كی مدت بھی ختم ہوچکی ہے اور یہ معاملہ بھی اب ختم ہو چکا ہے۔  

اس پر ایاز صادق نے كہا كہ ’یہ ایک سیاسی معاملہ ہے۔‘

جس پر چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے كہا كہ فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں اور جلد اس معاملے کو سنا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی سماعت ملتوی کردی گئی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان