قذافی سٹیڈیم میں ’بادِ نسیم‘

قذافی سٹیڈیم لاہور کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن بھی صرف اور صرف ’بادِ نسیم‘ ہی چلتی رہی۔

نسیم شاہ نے آسٹریلیا کے چار بلے بازوں کو آؤٹ کیا (اے ایف پی)

قذافی سٹیڈیم لاہور کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن بھی صرف اور صرف ’بادِ نسیم‘ ہی چلتی رہی۔

کرکٹ مبصر ہوں یا سوشل میڈیا یا پھر کرکٹ ویب سائٹس سب پر پاکستان کے نوجوان بولر کی ریورس سوئنگ اور وہ بھی اچھی خاصی رفتار کے ساتھ پھینکی گیندوں کی سرخیاں اور تبصرے ہی دکھائی دے رہے ہیں۔

ایسا کیوں نہ ہو۔

نوجوان بولر نسیم شاہ نے قذافی سٹیڈیم میں ایسی بولنگ کی کہ آسٹریلوی بلے باز بھی حیران رہ گئے۔

بظاہر پچ میں فاسٹ بولرز کے لیے کوئی زیادہ مدد نہیں تھی اور شاید اسی کو دیکھتے ہوئے نسیم شاہ نے اپنے لائن و لینتھ پر کام کیا اور مسلسل مہمان بلے بازوں کو کھلاتے رہے۔

اس دوران ایک تو وہ مسلسل ریورس سوئنگ کراتے رہے اور دوسرا وہ مسلسل 140 سے اوپر کی رفتار سے گیندیں پھینکتے رہے۔

نسیم شاہ نے 31 اوورز میں 58 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ جس وقت نسیم شاہ نے اپنی چوتھی وکٹ لی تو اسی دوران سٹیڈیم میں موجود جشن مناتے شائقین پر کیمرہ گیا تو ایک مداح کے ہاتھ میں پوسٹر دکھائی دیا جس پر لکھا تھا ’آسٹریلیا بمقابلہ باد نسیم‘۔

نوجوان بولر کی شاندار بولنگ کے لیے شاید اس سے بہتر الفاظ نہیں ہو سکتے تھے۔

پاکستان کی جانب سے صرف نسیم شاہ ہی نہیں بلکہ شاہین شاہ نے بھی عمدہ بولنگ کی اور چار وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔

اس طرح آسٹریلوی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 391 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایک بار پھر عثمان خواجہ نے عمدہ کھیل پیش کیا اور 91 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ سٹیو سمتھ، کیمرون گرین اور ایلکس کیری نے بھی نصف سنچریاں سکور کیں۔

آسٹریلیا کے 391 رنز کے جواب میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو اسے آغاز میں ہی امام الحق کی صورت میں نقصان اٹھانا پڑا جو صرف 11 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

تاہم اس کے بعد دوسرے ٹیسٹ میچ کے سٹار نوجوان بلے باز عبداللہ شفیق نے تجربہ کار اظہر علی کے ساتھ 70 رنز کی پارٹنرشپ کی۔

دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر اظہر علی 30 اور عبداللہ شفیق 45 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے جبکہ پاکستان کو پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کے لیے ابھی مزید 301 رنز درکار ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ