آسٹریلوی عالمی نمبر ایک ٹینس سٹار ایشلی بارٹی کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

25 سالہ آسٹریلوی کھلاڑی کا کہنا تھا کہ اب ان کا ’اور خوابوں کا پیچھا کرنے‘ کا وقت آگیا ہے کیونکہ اب وہ کھیل میں بہترین ہونے کے لیے جو کچھ کرنا لازمی ہوتا ہے اسے کرنے کا دل نہیں رکھتیں۔

میلبرن میں 29 جنوری 2022 کو  آسٹریلوی کھلاڑی ایشلی بارٹی آسٹریلین اوپن جیتنے کے بعد ٹرافی کے ساتھ۔ انہوں نے 25 سال کی عمر میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے (اے ایف پی)

ٹینس کی عالمی نمبر ایک کھلاڑی ایشلی بارٹی نے آسٹریلین اوپن جیتنے کے دو ماہ بعد حیران کن طور پر 25 سال کی عمر میں کھیل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بدھ کو پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں ایشلی بارٹی نے کہا: ’میں بہت خوش ہوں اور میں تیار ہوں۔ میں اس لمحے اپنے دل میں جانتی ہوں کہ میرے لیے یہ صحیح ہے۔‘

آسٹریلوی کھلاڑی کا کہنا تھا کہ اب ان کا ’اور خوابوں کا پیچھا کرنے‘ کا وقت آگیا ہے کیونکہ اب وہ کھیل میں بہترین ہونے کے لیے جو کچھ کرنا لازمی ہوتا ہے اسے کرنے کا دل نہیں رکھتیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ویڈیو میں اپنی ڈبلز پارٹنر کیسی ڈیلاکوا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا: ’یہ پہلی بار ہے کہ میں اسے اونچا کہہ رہی ہوں اور اسے کہنا مشکل بھی ہے۔ اب میرے اندر وہ جسمانی توانائی، جذباتی ضرورت اور وہ سب کچھ نہیں ہے جس کی آپ کو خود کو کسی کھیل کے اعلیٰ مقام پر لے جانے کے لیے ضرورت ہوتی ہے۔ میری توانائی ختم ہو چکی ہے۔‘

بارٹی نے نومبر میں ٹرینی گولفر گیری کیسیک کے ساتھ منگنی کا اعلان کیا تھا۔ جوڑا 2016 سے ساتھ ہے۔

یہ پہلی بار نہیں ہے کہ انہوں نے ٹینس کو چھوڑا ہو۔  2011 میں وہ 15 سال کی عمر میں ومبلڈن جونیئر چیمیئن تھیں مگر برن آؤٹ، زیادہ سفر اور دباؤ سے پریشان ہو کر دو سال کے لیے ٹینس چھوڑ دی۔

آسٹریلیا میں انہوں نے پروفیشنل کرکٹ کھیلی اور پھر آخر کار ٹینس کی طرف واپس آئیں۔

انہوں نے تین گرینڈ سلیم جیتے: مٹی کے کورٹ پر 2019 کا فرینچ اوپن، 2021  میں گھاس کے کورٹ پر ومبلڈن ٹائٹل اور جنوری 2022 میں میلبرن پارکس کے ہارڈ کورٹ پر آسٹریلین اوپن، جسے جیت کر وہ 44 سالوں میں آسٹریلوی سرزمین پر  ٹائٹل جیتنے والی دوسری آسٹریلوی بنیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹینس