’خاوند کے قتل کے طریقے‘ کی مصنفہ اسی جرم کی مجرم

رومانوی ناول لکھنے والی 71 سالہ مصنفہ نینسی کریمپٹن بروفی نے ایک بلاگ میں خاوند کو قتل کرنے کے طریقے بیان کیے تھے۔

نینسی بروفی کی تصویر جسے اوریگون میں شیرف کے دفتر نے جاری کیا (AFP PHOTO / MULTNOMAH COUNTY SHERIFF'S OFFICE)

’اپنے خاوند کو کیسے قتل کریں‘ نامی تحریر لکھنے والی امریکہ مصنفہ کو جیوری نے ان کے خاوند کے قتل کا مجرم قرار دے دیا ہے۔

امریکی ریاست اوریگون کے شہر پورٹ لینڈ میں جیوری نے بدھ کو آٹھ گھنٹے کی بحث کے بعد رومانوی ناول لکھنے والی 71 سالہ مصنفہ نینسی کریمپٹن بروفی کو اپنے خاوند ڈینئل بروفی کو گولی مار کر قتل کرنے کا مجرم قرار دیا۔

استغاثہ نے کہا کہ مصنفہ نے ایسے ناول لکھے ہیں جن کے عنوانات ہیں، ’غلط خاوند‘ اور ’غلط محبوب‘ اور ’غلط کبھی اتنا صحیح نہیں تھا،‘ اور وہ اس جرم کے ارتکاب سے قبل مالی مسائل کا شکار تھیں۔

استغاثہ کے مطابق نینسی بروفی نے جون 2018 میں اپنے خاوند کے دل پر دو بار گولی چلا کر انہیں قتل کر دیا تھا۔

نینسی بروفی جرم سے انکار کرتی ہیں۔ وہ سی سی ٹی وی فوٹیج جائے واردات پر نظر آ رہی ہیں مگر ان کا کہنا ہے کہ جائے واردات کا اس لیے معائنہ کر رہی تھیں کہ انہیں اپنے ناول کے لیے مواد مل سکے۔ استغاثہ کے سوالوں کے جواب میں انہوں نے مزید کہا کہ انہیں اس بارے میں کچھ زیادہ یاد نہیں ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ انہوں نے ایک پستول ضرور خریدا تھا مگر اس کا مقصد ناول کے لیے تحقیق کرنا تھا، اور وہ اس بات سے بھی انکار کرتی ہیں کہ اس قتل کا مقصد انشورنس کے لاکھوں ڈالر حاصل کرنا تھا اور انہیں خاوند کے مرنے کے بعد ملے۔

نینسی کو بہت جانی مانی ناول نگار نہیں ہیں اور ان کے زیادہ تر ناول وہ خود شائع کرواتی ہیں۔ انہوں نے 2011 میں ایک بلاگ لکھا تھا، ’اپنے خاوند کو کیسے قتل کریں‘ (How to kill your husband) جو اب بھی نیٹ پر دستیاب ہے۔ اس میں کریمپٹن نے شوہروں کو قتل کرنے کے طریقے بیان کیے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے اپنے بلاگ میں خاوند کو قتل کرنے کے متعدد طریقے بیان کیے تھے۔ انہوں نے زہر کے بارے میں لکھا کہ اسے استعمال نہ کریں کیوں کہ اس کا آسانی سے سراغ لگایا جا سکتا ہے۔ چاقو میں مسئلہ یہ ہے کہ اس کے لیے شکار کے بہت قریب جانا پڑتا ہے۔ پستول بہتر ہیں لیکن یہ شور بہت مچاتے ہیں اور انہیں چلانے کے لیے ایک خاص مہارت درکار ہوتی ہے۔ 

اخبار ’اوریگونیئن‘ کے مطابق کریمپٹن کے وکیلوں کا کہنا ہے کہ وہ اس فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔

نینسی کو ستمبر 2018 میں گرفتار کر لیا گیا تھا اور وہ اب تک پولیس کی تحویل میں ہیں۔

انہوں نے اس موقعے پر کہا، ’میں پوچھتی ہوں قتل کا محرک کہاں ہے؟ (اگر یہ کہانی کسی ناول میں لکھی ہوتی تو) ایڈیٹر ہنس پڑتا اور کہتا، ’میرا خیال ہے تمہیں اس کہانی پر مزید محنت کی ضرورت ہے۔ اس کی کہانی میں بہت بڑا خلا ہے۔‘

نینسی کی سزا کا تعین 13 جون کو ہو گا۔ انہیں عمر قید کا سامنا ہو سکتا ہے۔اضافی رپورٹنگ از اے ایف پی۔ 

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ