ایک ہزار گنا تیز رفتار کمپیوٹر چپ تیار

یہ چپ سائنس کے میدان میں جدید اور اہم دریافتیں کرنے میں مدد گار ثابت ہو سکتی ہے، ماہرین۔

اس چپ کی مدد سے موسمیاتی تبدیلی میں تحقیق کا عمل بھی بہتر بنایا جا سکے گا۔

ٹیکنالوجی ماہرین ایسی کمپیوٹر چپ تیار کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں جس کی بدولت ڈیٹا آپریشنز کی رفتار 1000 گنا زیادہ ہو جائے گی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ چپ سائنس کے میدان میں جدید اور اہم دریافتیں کرنے میں مدد گار ثابت ہو سکتی ہے۔

یہ چپ برطانیہ میں کمپیوٹرکی دنیا میں نئے ادارے ’بلیو شفٹ میموری‘ نے تیار کی ہے۔ نئی چپ ڈی این اے اور مصنوعی ذہانت پر تحقیق سمیت نئی ادویات دریافت کرنے میں بڑا کردار ادا کرسکتی ہے۔

اس چپ میں شہروں میں ٹریفک جام اور آلودگی کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت بھی ہوگی۔ اس مقصد کے لیے یہ شہروں کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری اوران کے پھیلاؤ کے حوالے سے رہنمائی کرے گی۔

اس چپ کی مدد سے موسمیاتی تبدیلی میں تحقیق کا عمل بھی بہتر بنایا جا سکے گا۔

میموری چپ کا ابتدائی نمونہ ( پروٹوٹائپ ) پہلے ہی تیز رفتارسی پی یو اور میموری چپس کے درمیان بڑھتے ہوئے فرق کا مسئلہ حل کررہا ہے۔ اس مسئلے کو ’ڈیٹا ٹیل بیک‘ یا پروسیسر کی رفتار کے مطابق ڈیٹا کے نتائج نہ ملنا کہا جاتا ہے۔

اس فرق کا مطلب یہ ہے کہ اعلیٰ کارکردگی کے حامل کمپیوٹر کا پروسیسر ڈیٹا کے معاملے میں اپنی صلاحیت کا مکمل طور استعمال نہیں کرپاتا۔ اس کی مثال بڑے پیمانے کے ڈیٹا بیسز کا تجزیہ ہے۔

نئی چپ کی مدد سے کمپیوٹر وہ آپریشن بھی منٹوں میں کر سکیں گے جسے وہ اِس وقت گھنٹوں یا دنوں میں کرتے ہیں۔

’بلیوشفٹ میموری‘ کے چیف ٹیکنالوجی افسر پیٹر ماروسن کہتے ہیں ’ذرا سوچیں آپ ایک ٹیکسی ڈرائیور ہیں لیکن وہ قصبہ جہاں آپ کام کرتے ہیں ہمیشہ تبدیل ہوتا رہتا ہے، لوگ مکان بدلتے ہیں، مختلف مقامات پر دکانیں اور خدمات فراہم کرنے والے ادارے ہمیشہ غائب اور نمودار ہوتے رہتے ہیں۔ اسی انداز میں ڈیٹا کو چپس میں منظم طور پر محفوظ کیا جاتا ہے۔‘

پیٹر ماروسن کہنا تھا جو ڈیزائن ہم نے تیار کیا ہے اس کے تحت ایک پائیدار اور منظم قصبہ تعمیر کیا جائے گا جہاں آپ پہلے ہی جانتے ہیں کہ کون سی چیز کہاں ہے۔ اس طرح آپ کہیں زیادہ تیزی سے اس چیز تک پہنچ سکتے ہیں۔ اس طرح سب کچھ تیزرفتاری اور آسانی کے ساتھ زیادہ مؤثر انداز میں ہو جائے گا۔

نئے ڈیزائن کی مدد سے ڈیٹا کو نئے خطوط پر محفوظ کیا جائے گا جس سے اس کی پروسیسنگ کی رفتار بڑھ جائے گی جس کا مطلب ہے کہ یہ موسم کی پیش گوئی اور موسمیاتی تبدیلی میں مفید ثابت ہوگا۔

کمپیوٹر پروسیسر کی رفتار کے مقابلے میں سست رو ڈیٹا کا مسئلہ حل ہونے سے سرچ انجنوں کی رفتار 1000 گنا بڑھ جائے گی۔ تاہم منصوبہ جب آگے بڑھے گا تو ابتدائی نمونے کو چھوڑ کر چپ کی تیاری مہنگی ہوگی۔

بلیوشفٹ میموری نامی کمپنی نے کہا ہے کہ چپ کی تیاری کے لیے اسے اس وقت فنڈز کی ضرورت ہے۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی تحقیق