فینز وہی ہوتے ہیں جو ٹیم کو ہر وقت سپورٹ کریں: بابر اعظم

بابر اعظم نے کہا ہے کہ اس ایشیا کپ میں اچھے میچز ہوئے، مشکل میچز ہوئے، اونچ نیچ آئی مگر کھلاڑیوں کی طرف سے اچھی پرفارمنسز بھی ہوئیں۔

سری لنکا کے خلاف نو ستمبر کو کھیلے گئے میچ سے قبل پاکستان ٹیم قومی ترانے کے لیے سٹیڈیم میں موجود (اے ایف پی)

بابر اعظم نے سری لنکا کے خلاف کرکٹ میچ کے دوران یہ بتانے کے بعد کہ ’میں کپتان ہوں‘، فائنل سے قبل پاکستان ٹیم کے فینز سے بھی کچھ باتیں کی ہیں۔

ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے آخری میچ میں سری لنکا سے شکست پر پاکستانی بیٹنگ اور بابر اعظم کی کپتانی پر تنقید کی گئی اور چند کھلاڑیوں کی کارکردگی پر سوالات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔

اس صورت حال میں کپتان بابر اعظم کا ایک ویڈیو پیغام سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے بظاہر ناراض دکھائی دینے والے فینز کو مخاطب کر کے ایشیا کپ میں ہونے والی اچھی چیزیں بھی گنوائی  ہیں۔

بابر اعظم جن کی اپنی فارم اس ایشیا کپ میں مسلسل خراب رہی ہے نے کہا کہ ’اس ٹورنامنٹ میں اچھے، اچھے میچز ہوئے ہیں، مشکل میچز ہوئے ہیں، اونچ نیچ آئی، کھلاڑیوں کی طرف سے اچھی کارکردگیاں ہوئیں اور الگ الگ مین آف دی میچ ہوئے۔‘

’ہم فائنل میں پہنچے ہیں، کافی پرجوش ہیں اور بطور کپتان خوش قسمت بھی ہوں کہ میں فائنل میں پہنچا ہوں اور میرے پاس جو ٹیم ہے وہ کافی اچھی ٹیم ہے۔‘

بابر اعظم نے کہا کہ ’ہر میچ میں کھلاڑی آگے آ رہے ہیں اور ذمہ داری لے رہے ہیں اور ہر بار نیا مین آف دی میچ ہو رہا ہے۔‘

’ہمارے کافی سنسنی خیز میچز ہوئے ہیں خاص طور پر افغانستان کے خلاف بہت زبردست میچ ہوا، توقع نہیں کر رہے تھے جس طرح نسیم شاہ نے دو چھکے لگائے۔‘

بابر اعظم نے سری لنکا کے خلاف اتوار کو کھیلے جانے والے فائنل کے بارے میں کہا کہ اچھے میچ کی توقع ہے۔

’اس ایشیا کپ میں یہی دیکھا گیا ہے کہ جو بھی ٹیمیں ہدف کا تعاقب کر رہی ہیں وہ جیت رہی ہیں۔ ٹاس سے بڑا فرق پڑتا ہے۔ کیونکہ موسم کے ساتھ ساتھ اوس سے بھی فرق پڑتا ہے، جبکہ دوسری باری میں وکٹ بھی بہتر ہو جاتی ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سری لنکا کے خلاف جمعے کو کھیلے گئے میچ میں جس طرح کی بیٹنگ پاکستان ٹیم نے کی اس پر فینز نے کافی مایوسی کا اظہار کیا تھا۔

ماہرین کی جانب سے خوشدل شاہ، افتخار احمد اور فخر زمان کی پرفارمنس پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں۔

تاہم بابر اعظم نے اپنے فینز سے کہا ہے کہ ’میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ اونچ نیچ ہوتی ہے۔ کبھی اچھی پرفارمنس ہوتی ہے کبھی نہیں ہوتی۔ فینز وہی ہوتے ہیں جو اپنی ٹیم کو ہر وقت سپورٹ کریں۔‘

ایشیا کپ میں انڈیا اور سری لنکا سے ہارنے والی پاکستانی ٹیم ٹورنامنٹ میں صرف ایک میچ ہارنے والی سری لنکا کے خلاف اتوار کو آخری معرکے کے لیے میدان میں اترنے والی ہے۔

امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ بے شک میچ انڈیا کے خلاف تو نہیں مگر پھر بھی ہاؤس فل ہوگا۔ 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ