پاکستان امیر ممالک کی غلطیوں کی سزا بھگت رہا ہے: انتونیو گوتریس

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیلاب کی صورت حال ہولناک ہے اور یہ ملک دوسری اقوام کی پیدا کردہ آلودگی سے براہ راست متاثر ہو رہا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے نو ستمبر کو پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا (اے ایف پی)

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیلاب کی ہولناک تباہ کاریاں دنیا کی غلطیوں کی سزا ہے جو پاکستان بھگت رہا ہے۔

پاکستان کے سرکاری میڈیا کے مطابق ہفتے کو وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے لاڑکانہ میں سیلاب سے متاثرہ کیمپ کا دورہ کیا۔

اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیلاب کی صورت حال ہولناک ہے اور یہ ملک دوسری اقوام کی پیدا کردہ آلودگی سے براہ راست متاثر ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات پورے کرنا اکیلے پاکستان کے وسائل سے ممکن نہیں اس لیے دنیا کی ذمہ داری ہے کہ اس مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دے۔

انتونیو گوتریس نے کہا کہ ’اقوام متحدہ کی جانب سے اس اندوہناک سانحہ پر آپ سب سے یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔‘

ان کے بقول: ’ترقی یافتہ ممالک نے ماحولیات کو آلودہ کر دیا ہے اور صنعتوں کی وجہ سے آلودگی نے کرہ ارض کی حدت میں بڑی حد تک اضافہ کردیا ہے جس سے گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں اور سیلاب کا باعث بن رہے ہیں۔ اسی صورتحال کا سامنا پاکستان کو بھی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس ماحولیاتی آلودگی کا ذمہ دار نہیں ہے لیکن دوسرے ممالک کی پیدا کردہ آلودگی کا شکار ہے۔

سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ’پاکستان کی موجودہ صورت حال بڑے پیمانے پر مدد کی متقاضی ہے کیوں کہ یہ آلودگی کی وجہ سے موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ہے، سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو کے مرحلے میں گھروں کی تعمیر، کاشتکاروں کے نقصان کے ازالے کے لیے اسے بڑے وسائل کی ضرورت ہے۔‘

’تاہم تنہا پاکستان اتنے وسائل نہیں رکھتا کہ وہ اس کا ازالہ کر سکے۔ جن ممالک نے یہ حالات پیدا کیے یہ ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس صورت حال سے نکلنے میں پاکستان کی مدد کریں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا کہ ’آلودگی کا باعث بننے والے ممالک فطرت کے خلاف اپنی جنگ بند کریں۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے حالات کا سبب بننے والی آلودگی کو روکیں۔‘

انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں جو آواز پاکستان کی ہے وہی اقوام متحدہ کی بھی ہے۔

انتونیو گوتریس نے کہا کہ ’ہمیں موجودہ صورت حال سے پیدا شدہ مسائل اور تکالیف کا احساس ہے اور اس کے لیے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے بھرپور آواز اٹھائیں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ دیہی علاقے اور آباؤ اجداد کے کاشت کاری کے شعبہ سے وابستہ ہونے کے ناطے وہ کاشت کاروں کے ہونے والے نقصان کو سمجھتے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ ’کوئی ایسا معجزہ ہو جائے کہ آپ کے تمام نقصانات کا ازالہ ممکن ہو جائے۔‘

وزیر اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ ہولناک سیلاب میں 13 سو سے زائد لوگ جان سے گئے ہیں اور ہزاروں زخمی ہوئے، لاکھوں گھر تباہ ہوئے اور بڑے پیمانے پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں سب سے زیادہ تباہی ہوئی ہے جہاں ہر طرف پانی ہی پانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے 25 ہزار روپے فی خاندان متاثرین میں تقسیم کیے جا رہے ہیں اور اس کے لیے وفاق 70 ارب روپے فراہم کر رہا ہے۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان