آخر یہ زویا کون ہے اور ’کیچپ کیوں نہیں لے کر گئی؟‘

ایک پاکستانی ڈرامے کا مختصر ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہے اور لوگ دلچسپ میمز کے ذریعے اپنے اپنے انداز میں زویا اور کیچپ کی کہانی بیان کر رہے ہیں۔

 اے آر وائے ڈیجیٹل کے ڈرامے ’حبس‘ کا سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا سین (سکرین گریب/ اے آر وائے یوٹیوب چینل)

پاکستانی ڈراموں کے بہت سے سین یا ڈائیلاگز اکثر سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرتے رہتے ہیں اور لوگوں کو بحث و مباحثے کا موضوع فراہم کرتے ہیں۔

اس مرتبہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا سین اے آر وائے ڈیجیٹل کے ایک ڈرامے ’حبس‘ کا ہے، جس میں سب سے اہم چیز کیچپ ہے۔

یہ سین ایک نئے شادی شدہ جوڑے کا ہے، جس میں زویا نامی لڑکی اپنے شوہر سے پیزا منگواتی ہے اور ابھی وہ دونوں ڈائننگ ٹیبل پر موجود ہوتے ہیں کہ زویا کی ساس پیزا کھانے پر اپنے بیروزگار بیٹے کو طعنے دینا شروع کر دیتی ہیں۔

اس بات پر زویا ناراض ہوجاتی ہے اور اپنی پلیٹ میں تین پیزا سلائس رکھ کر اپنے کمرے میں چلی جاتی ہے۔

یہ دیکھ کر زویا کا شوہر اپنے ماں باپ سے شکوہ کرتا ہے کہ ’کیچپ بھی نہیں لے کر گئی وہ۔‘

اس کے بعد سے اس سین کا کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہے اور لوگ دلچسپ میمز کے ذریعے اپنے اپنے انداز میں زویا اور کیچپ کی کہانی بیان کر رہے ہیں۔

ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا: ’کیچپ اب پیار کی نئی زبان ہے۔‘

مدثر چوہدری نے ڈرامے کے مصنف کے لیے ’آہستہ تالیوں‘ کی تجویز دے ڈالی۔

شیرین عمیر نے نیٹ فلکس سیریز ’مرزا پور‘ کے ڈائیلاگ سے میمز بنا کر شیئر کردی۔

زہر کے ٹوئٹر ہینڈل سے ایک صارف نے زویا کے شوہر کو کیچپ کا برانڈ ایمبیسڈر بنانے کا مطالبہ کر دیا۔

فریکی نامی ٹوئٹر صارف نے خیال ظاہر کیا: ’شاید زویا کو کیچپ پسند نہ ہو۔‘

ایک صارف نے زویا اور کیچپ کے معاملے کو مشہور زمانہ کارٹون ٹام اینڈ جیری کی ایک تصویر کے ساتھ کچھ یوں بیان کیا۔

اس ڈرامے میں کیچپ کی کہانی ایک سین میں ختم نہیں ہوئی بلکہ اگلے سین میں زویا کا شوہر کیچپ لے کر کمرے میں پہنچ جاتا ہے۔

ڈرامے میں کیچپ پر جتنا فوکس کیا گیا، اس سے پہلے شاید ہی کسی ڈرامے میں ایسا ہوا ہو۔

موقعے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مختلف ڈیلیوری کمپنیوں نے بھی کیچپ کے نام سے پروموشن شروع کر دی۔

 

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل