سینٹورس مال بند مگر رہائشیوں کو سامان لے جانے کی اجازت

ضلعی انتظامیہ نے گذشتہ رات نوٹیفیکیشن جاری کیا جس کے مطابق عمارت کو تحقیقات مکمل ہونے تک سیل کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

شاپنگ مال کی پارکنگ میں سینٹورس میں کام کرنے والے ملازمین بڑی تعداد میں موجود تھے انہوں نے بتایا کہ سینٹورس انتظامیہ کے مطابق دن میں جانے کی اجازت ہے (انڈپینڈنٹ اردو)

اسلام آباد کے سینٹورس مال میں لگنے والی آگ کے بعد پیر کو ضلعی انتظامیہ نے رہائشیوں کو اپنا سامان اُٹھانے کے لیے مال کے اندر جانے کی عارضی اجازت دے دی ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر ملک عمر نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ سینٹورس مال میں اپارٹمنٹس کے رہائشیوں کو فی الحال رہنے کی اجازت نہیں لیکن اپنا سامان اُٹھانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

شاپنگ مال کی پارکنگ میں کام کرنے والے ملازمین بڑی تعداد میں موجود تھے انہوں نے بتایا کہ سینٹورس انتظامیہ کے مطابق دن میں جانے کی اجازت ہے۔

عمارت کے سامنے کی طرف جہاں آگ لگی تھی وہاں نیچے لوہے کے ٹکڑے بکھرے پڑے تھے۔ جبکہ تینوں اطراف کے داخلی دروازوں پر سرخ ٹیپ لگی تھی اور وہاں سکیورٹی گارڈز کسی کو قریب آنے کی اجازت نہیں دے رہے تھے۔

عمارت کی عقبی سمت جہاں رہائشی اپارٹمنٹس کا راستہ بھی ہے وہاں بہت سے رہائشیوں میں غیر ملکی بھی شامل تھے اور اپنے سوٹ کیسز کے پاس بیٹھے تھے۔

ایک غیر ملکی جوڑے نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ اب وہ کچھ دن ہوٹل میں رہیں گے۔

’بظاہر ہمارے اپارٹمنٹ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا لیکن چونکہ انتظامیہ کا حکم ہے تو وہ بھی اندر نہیں جا سکتے۔‘

سینٹورس میں سیفٹی سسٹم کیا تھا؟

سینٹورس مال کے ایڈمنسٹریشن مینیجر سبطِ علی نے انڈپینڈنٹ اردو سے اس معاملے پر بات کی۔ ان سے سوال کیا گیا کہ کیا عمارت میں آگ بجھانے کا انتظام موجود نہیں تھا؟

اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فائر بریگیڈ تو باہر سے آگ بجھا رہی تھی لیکن اندر سے آگ بجھانے والے آلے کی مدد سے ہی آگ کو بجھایا گیا ہے۔

’سوشل میڈیا پر جھوٹ بھی شروع ہو جاتا جبکہ ایسی کوئی بات نہیں۔‘

عمارت کے ہنگامی راستوں سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ یہ الزام بھی غلط ہے سینٹورس میں اس وقت ’ہزاروں لوگ‘ موجود تھے۔

’صرف ایسکلیٹر سے نیچے آنا مشکل تھا ہم نے بہت سے لوگوں کو ہنگامی اخراج سے باہر نکالا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ سینٹورس کی سکیورٹی نے بروقت بزرگوں اور بچوں کو ترجیحی بنیادوں پر باہر نکلنے میں مدد کی جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

مال کے مینیجر کے مطابق کسی دکان کو نقصان نہیں پہنچا چونکہ عمارت کا ڈیزائن ایسا ہے عمارت کے مرکزی اور بیرونی سٹرکچر کے بیچ میں فاصلہ ہے جس کی وجہ سے بنیادی ڈھانچہ محفوظ رہا ہے صرف بیرونی طور پر نقصان پہنچا ہے۔

’لیکن یہ آگ چونکہ اوپر تک گئی ہے تو رہائشی اپارٹمنٹس کی بالکنی بھی متاثر ہوئی ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اتوار کی سہ پہر اسلام آباد کے معروف شاپنگ سینٹر میں آگ بھڑکی تو دیکھتے ہی دیکھتے شعلے ہوا میں بلند ہوئے۔ ایک عینی شاہد کے مطابق آگ تیسری منزل پہ واقع ریستوران کے کچن سے بھڑکی تھی جو ٹاپ فلور تک پھیل گئی۔

ضلعی انتظامیہ نے گذشتہ رات نوٹیفیکیشن جاری کیا جس کے مطابق عمارت کو تحقیقات مکمل ہونے تک سیل کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ ایک فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بھی تشکیل دی گئی جسے تین روز میں رپورٹ جمع کروانے کا حکم دیا گیا۔

ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن کا کہنا تھا: ’ہم اس کا آڈٹ کریں گے کہ کیا بلڈنگ کا اپنا آگ پر قابو پانے کا انتظام موجود تھا اگر نہیں تو متعلقہ ڈپارٹمنٹ کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی اور عمارت کا دوبارہ سیفٹی جائزہ لیا جائے گا تاکہ دوبارہ ایسا کوئی واقعہ نہ ہو۔‘

ایف ایٹ سیکٹر میں واقع سینٹورس مال اسلام آباد کا مشہور شاپنگ مال ہے جو وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کی ملکیت ہے۔

کثیر المنزلہ عمارت میں صرف شاپنگ سینٹر ہی نہیں بلکہ رہائشی اپارٹمنٹس بھی موجود ہیں۔ سینٹورس عمارت کی پہلی تین منزلوں پر شاپنگ کے لیے دکانیں ہیں جبکہ چوتھی منزل پر فوڈ کورٹ، سنیما اور بچوں کے لیے گیمنگ ایریا ہے۔

چار منزلوں کے بعد اوپر تین ٹاورز ہیں جہاں رہائشی اپارٹمنٹس اور جم کی سہولیات موجود ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان