اعظم سواتی کو مزید مقدمات میں گرفتار نہ کریں: سندھ ہائی کورٹ

عدالت نے پولیس سے سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات بھی مانگی ہیں۔

سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف سندھ کے علاقے قمبر شہداد کوٹ کے دو مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں (پی ٹی آئی/ فیس بک)

سندھ ہائی کورٹ نے پیر کو صوبائی پولیس کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر اعظم سواتی کو مزید مقدمات میں گرفتاری سے روکتے ہوئے ان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات مانگ لیں۔

آج سینیٹر سواتی کے بیٹے عثمان سواتی نے اپنے والد کی سندھ میں گرفتاری کے خلاف نئی درخواست دائر کرتے ہوئے فوری سماعت کی استدعا کی، جس عدالت نے منظور کر لیا۔

جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں دو رکنی بینچ  نے درخواست کی مختصر سماعت کے بعد اعظم سواتی کو مزید مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم جاری کیا۔

عدالت نے سماعت کے دوران آئی جی سندھ غلام نبی میمن کو ہدایت کی کہ جہاں جہاں مقدمات درج ہوئے ہیں وہاں کے ایس ایس پیز کو بلوائیں اور کہا کہ اگر تمام مقدمات کی وضاحت پیش نہیں کی گئی تو آپ کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

جسٹس کے کے آغا نے آئی جی سندھ کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ آپ کو نوکری میں دلچسپی نہیں تو استعفیٰ دے دیں۔

اس پر آئی جی سندھ نے کہا کہ وہ کیوں استعفیٰ دیں۔ ’میں آئی جی ہوں، پورے صوبے کی پولیس کا سربراہ، کوئی ایس ایچ او نہیں۔ ہم عدالت کی عزت کرتے ہیں اور عدالت سے بھی احترام کی توقع رکھتے ہیں، آپ کو بھی ہماری عزت کرنی چاہیے۔‘

اس موقعے پر پراسیکیوٹر جنرل فیض شاہ نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئی جی کی طرف سے معافی مانگتے ہیں، جس پر عدالت نے پراسیکیوٹر جنرل سے سوال کیا کہ آپ بتائیں ایک ہی واقعے کی اتنی ایف آرز کیسے کٹ گئیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

عدالت نے پراسیکیوٹر جنرل سندھ سے 14 دسمبر تک جواب طلب کرتے ہوئے سماعت بدھ تک ملتوی کر دی۔

اعظم سواتی کے خلاف راولپنڈی میں متنازع تقریر اور سوشل میڈیا پر ریماکس پر صوبہ بلوچستان اور سندھ میں متعدد مقدمے درج ہوئے تھے۔

سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف سندھ کے علاقے قمبر شہداد کوٹ کے دو مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔

جمعے کو بلوچستان ہائی کورٹ نے اعظم سواتی کے خلاف صوبے بھر میں درج مقدمات ختم کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد اسی دن سندھ پولیس نے انہیں اپنی تحویل میں لے لیا تھا۔

بعد ازاں انہیں سکھر ایئر پورٹ سے سخت سکیورٹی میں قمبر شہداد کوٹ لایا گیا۔

(ایڈیٹنگ: بلال مظہر)

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست