شانگلہ کے یوٹیوبر جن سے لوگ پشتو ٹپے گانے کی فرمائش کرتے ہیں

افسر افغان نے روایتی مشاعروں کے بجائے عوامی مقامات پر ٹپے گانے کا طریقہ اپنایا ہے جسے سوشل میڈیا صارفین نے بہت سراہا ہے۔

 ’پشتو شاعری کی صنف ٹپہ کو بے تکلف انداز میں عوامی مقامات پر لوگوں کے ساتھ کھڑے ہو کر بولنے کے طریقے کو بہت پسند کیا گیا ہے۔ اسی سے مقبولیت ملی اور آج لوگ بہت پیار دیتے ہیں۔‘

یہ کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ کے دور افتادہ اور پسماندہ علاقے لیلونی سے تعلق رکھنے والے افسرالملک کا، جو اپنے مداحوں میں افسر افغان کے نام سے جانے جاتے ہیں۔ ان کا شمار صوبے کے معروف یوٹیوبرز میں ہوتا ہے۔

سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر مجموعی طور پر دس لاکھ فالوورز رکھنے والے افسر افغان کا حال ہی میں ایک پشتو گانا بہت مقبول ہوا ہے، جسے ٹک ٹاک صارفین کی بہت بڑی تعداد نے دیکھا، سنا اور پسند کیا۔

 افسر افغان  یونیورسٹی آف پشاورسے صحافت میں ایم اے کر چکے ہیں تاہم انہوں نے مین سٹریم میڈیا کے بجائے سوشل میڈیا پر قسمت آزمانے کا فیصلہ کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ ’میرے خیال میں میرے لیے اپنی صلاحیتوں کو مین سٹریم میڈیا پر سامنے لانے کے امکانات بہت کم تھے، اور اسی لیے میں نے سوشل میڈیا کی دنیا میں قدم رکھنے کا فیصلہ کیا۔‘

ابتدا میں افسر افغان نے چند ایک نجی ٹی وی چینلز اور ایف ایم ریڈیوز کے ساتھ منسلک رہ کر بھی کام کیا۔

انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں افسر افغان کا کہنا تھا: ’بعد میں میں نے خود ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر ڈالنے کا سوچا، اور ایسا کرنا شروع کر دیا۔‘

انہوں نے شروع میں یوٹیوب چینل بنایا جہاں وہ ویڈیوز ڈالتے رہے، جن میں سے اکثر پشتون کلچر کے حوالے سے تھیں۔

’اس کی وجہ یہ تھی کہ بچپن سے مجھے ثقافت کو فروغ دینے کا شوق تھا۔ ٹپے وغیرہ گایا کرتا تھا، اس لیے اسی موضوع کو لے کر اپنے یوٹیویوب چینل کے لیے ویڈیوز بنائیں اور اپلوڈ کیں۔‘ 

افسر افغان کی خاصیت پشتو زبان کے ٹپے گانا ہے، اور وہ بھی عوامی مقامات یعنی گلی، بازار، یا دکان پر اور عام لوگوں کے درمیان۔

’یہی بے تکلف انداز لوگوں نے پسند کیا۔ میں جہاں جاتا ہوں، لوگ ٹپہ گانے کی فرمائش کرتے ہیں۔‘

افسر افغان کی انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو کے دوران ٹریفک پولیس سکواڈ کے کچھ مداح افسر افغان سے ملنے آئے۔

مہمانوں نے حال چال کے فوراً بعد موبائل فون پر افسر افغان کا ٹپہ لگایا۔

جس میں محبوب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا جاتا ہے: ’میں نام کا افسر اور تم حقیقی (خاتون) افسر ہو۔‘

پشتو میں کسی شخص کی تعریف کرنے یا ناز نخرے اٹھانے کی غرض سے اسے افسر کہا جاتا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بے تکلف انداز میں ٹپے گانے کے پیچھے راز کے بارے میں افسر افغان نے بتایا کہ ’پہلے شاعری کرنے کے لیے ایک باقاعدہ محفل منعقد کی جایا کرتی تھی، جہاں شعرا کلام پڑھتے تھے، لیکن میں مشاعروں کو زیادہ عوامی اور بے تکلف بنا دیا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ جہاں موقع ملتا ہے وہ وہی مشاعرہ لگا لیتے ہیں، اور زیادہ تکلفات کو اہمیت نہیں دیتے۔

’ماضی کے نظام کا نقصان یہ تھا کہ بعض اوقات بہت اچھے شعرا کو مشاعروں میں مدعو نہیں کیا جاتا تھا لیکن میں انہی جوان شاعروں کے ساتھ کہیں بھی کھڑے ہو کر بے تکلف انداز میں ٹپے گاتا ہوں۔‘

سوشل میڈیا پر جہاں افسر افغان کے لاکھوں چاہنے والے موجود ہیں، وہاں ان کے مواد پر تنقید بھی کی جاتی ہے۔ 

افسر نے بتایا: ’ہمیں گالیاں بھی پڑتی ہیں۔ لوگ شدید تنقید بھی کرتے ہیں کیونکہ ہمارا معاشرہ ہی ایسا ہے یہاں نئے یا تخلیقی کام پر لوگ ضرور تنقید کرتے ہیں۔

’لیکن میں اس تنقید کا بہت احسن طریقے سے مقابلہ کرتا ہوں اور لوگوں کو پیار سے سمجھاتا ہوں۔‘

انہوں نے بتایا کہ اکثر نقاد ان سے ملاقات کی بعد ان کے مداح بن جاتے ہیں حتٰی کہ اپنی تنقید پر معذرت بھی کر لیتے ہیں۔

(ایڈیٹنگ: عبداللہ جان/فرخ عباس)

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فن