کوئٹہ: سبزل روڈ پر دھماکے میں خواتین سمیت چار افراد زخمی

کوئٹہ پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ پر ایک اور دستی بم کی موجودگی کی اطلاع ہے لہذا پولیس نے بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کرلیا ہے۔

کوئٹہ کی سبزل روڈ پر 25 دسمبر 2022 کو سڑک کنارے ہونے والے دھماکے کے بعد علاقے کو پولیس نے گھیرا ہوا ہے (تصویر: محب اللہ)

کوئٹہ پولیس کے مطابق سبزل روڈ پر سڑک کے کنارے ایک دھماکہ ہوا ہے جس میں تین خواتین سمیت چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق اتوار کو ہونے والے اس دھماکے کے زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

کوئٹہ پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ پر ایک اور دستی بم کی موجودگی پر بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کرلیا گیا تھا جس نےدستی بم کو ناکارہ بنا دیا اور اب جگہ کو کلیئر کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب سبزل روڈ پر دونوں اطراف کی ٹریفک کو روک علاقے کو گھیر میں لے لیا گیا ہے۔

کوئٹہ کے سول ہسپتال کے میڈیا کوارڈینیٹر ڈاکٹر وسیم بیگ نے ذرائع ابلاغ کو جاری کیے جانے والے بیان میں کہا ہے کہ سبزل روڈ کے کنارے دستی بم کے دھماکے سے متاثرہ چار زخمیوں کو سول ہسپتال لایا گیا ہے جن کو طبی امداد دی جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ زخمی ہونے والوں میں:

1. عبدالقیوم عمر 25 سال
2. زبیر احمد عمر 28 سال
3. کاٸنات عمر 17 سال
4. بی بی حوا عمر 13 سال

وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے سبزل روڈ دھماکے کی مزمت کی ہے اور دھماکے میں تین خواتین سمیت چار افراد کے زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلی بلوچستان نے زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایت بھی کی ہے اور شہر میں سکیورٹی انتظامات کو مزید موثر بنانے کے لیے پولیس کو احکامات جاری کیے ہیں۔

جاری کیے جانے والے بیان میں ان کا کہنا ہے کہ ’دہشت گردوں کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز (آئی بی اوز) جاری رکھے جائیں گے اور امن کے دشمنوں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی جائے گی۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان