’خراب امن و امان‘ کے باعث خضدار میں کتب میلہ منسوخ

بلوچستان کے ضلع خضدار کی انتظامیہ نے امن و امان کی 'خراب صورت حال' کے باعث ایک غیر سرکاری تنظیم کے زیر انتظام کتب میلے کے انعقاد کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔

کتب میلہ پہلے سرکاری لائبریری اور بعد ازاں سکول میں رکھا گیا، لیکن انتظامیہ نے اجازت نہیں دی (پکسلز)

بلوچستان کے ضلع خضدار کی انتظامیہ نے ضلعے میں امن و امان کی 'خراب صورت حال' کے باعث غیر سرکاری تنظیم کے زیر انتظام کتب میلے کے انعقاد کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔

سیو سٹوڈنٹس فیوچر نامی تنظیم نے جمعے کو کتب میلے کے انعقاد کا اعلان کیا تھا، جس کے لیے سوشل میڈیا پر مہم بھی چلائی گئی۔

تاہم پانچ جنوری کی شب تنظیم کی طرف سے اسے منسوخ کر دیا گیا۔   

سیو سٹوڈنٹس فیوچرکے چیئرمین نعیم بلوچ کا کہنا تھا کہ ان کی تنظیم نے نئے سال کی ابتدا کتب میلے سے کرنے کا منصوبہ بنایا اور اس مقصد کے لیے ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کتابیں منگوا لی گئی تھیں۔

انہوں نے کہا: ’ابتدا میں کتب میلہ پبلک لائبریری میں کرنے کا ارادہ تھا، تاہم اجازت نہ ملنے پر اسے ماڈل بوائز ہائی سکول میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔‘ 

نعیم بلوچ نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ڈپٹی کمشنر خضدار کو درخواست بھیجی گئی، اور جمعے کو ہم وہاں گئے تو ہمیں چار گھنٹے انتظار کروایا گیا۔

'سوموار کو ملاقات ہوئی اور انہوں نے کتب میلے کے انعقاد کی اجازت سے انکار کر دیا۔'

نعیم بلوچ کا کہنا تھا کہ ان کی تنظیم ضلعی انتظامیہ کو ہر طرح کی یقین دہانی کروانے کو تیار تھی، حتیٰ کہ کتابوں، پرنٹرز اور پبلشرز کے ناموں کی فہرست دینے کا بھی وعدہ کیا۔  

'اس کے باوجود کتب میلے کے انعقاد کی درخواست مسترد کر دی۔'

سیو سٹوڈنٹس فیوچر نے بعدازاں خضدار میں ہی ماڈل بوائز ہائی سکول میں میلہ منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا اور اس سلسلے میں ضروری تیاریاں کر لیں۔

نعیم بلوچ نے بتایا: جمعے کو کتب میلہ ہونا تھا، اور ایک دن پہلے سکول پرنسپل نے بھی معذرت کر لی۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بھی کال کر کے کہا گیا کہ کتب میلہ منعقد کرنے کی صورت میں نقصان کی ذمہ داری تنظیم پر ہو گی۔

'اس صورت حال کے پیش نظر ہم نے مشاورت کے بعد کتب میلہ منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔'  

بلوچستان کا ضلع خضدار میں امن وامان کی صورت حال کچھ عرصے سے خراب ہے، اور جمعرات کو بھی ایک دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوا تھا۔   

انڈپینڈنٹ اردو نے کتب میلے کی اجازت سے متعلق ڈپٹی کمشنر خضدار الیاس کبزئی سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ ضلعے میں امن وامان کی صورت حال بہتر نہیں، جس کی وجہ سےاجازت نہیں دی گئی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید بتایا کہ ضلعے میں ایک ہفتے کے دوران آٹھ دھماکے ہو چکے ہیں، جس سے صورتحال کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ 

الیاس کبزئی کا کہنا تھا کہ انہوں تین وجوہات کی بنا پر کتب میلے کے انعقاد کی اجازت نہیں دی، جن میں امن وامان کی مخدوش صورت حال، فورسز کی گوادر میں مصروفیت اور تعلیمی اداروں کا موسم سرما کے باعث بند ہونا۔ 

سیو سٹوڈںٹس فیوچر 

سیو سٹوڈنٹس فیوچر (ایس ایس ایف ) تعلیم کے میدان میں کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم ہے، جو سیاسی و نظریاتی اختلافات اور مذہبی، نسلی و لسانی تعصبات سے بالاتر ہو کر طلبا کے بہتر مستقبل کے لیے تعلیمی مفاد میں کام کرتی ہے۔ 

ایس ایس ایف کا دائرہ عمل یوں تو پورا بلوچستان ہے مگر محدود وسائل کے پیش نظر ان کی سرگرمیاں ضلع خضدار تک محدود ہیں۔

(ایڈیٹنگ: عبداللہ جان)

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان