’مینڈیٹ واپس لینے‘ کے لیے جماعت اسلامی، پی ٹی آئی کی کمیٹی قائم

حافظ نعیم الرحمٰن کے مطابق ’ہم چاہتے ہیں کہ جسے عوام نے مینڈیٹ دیا ہے اسے تمام سیاسی جماعتیں تسلیم کریں۔ پی ٹی آئی سے درخواست ہے کہ ہماری سپورٹ کرے۔‘

جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے آج کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ جماعت اسلامی کی ایک مشترکہ چار رکنی کمیٹی بنائی گئی ہے جو فارم 11 سمیت الیکشن کے دوران ہونے والے معاملات کا بغور جائزہ لے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ’پیپلز پارٹی اگر جائز طریقے سے جیتتی تو ہم کوئی اعتراض نہ کرتے اور ہمارے اندر اتنا حوصلہ ہے کہ ہم شفاف جیت کی صورت میں پیپلز پارٹی کو مبارکباد دیتے۔‘

حافظ نعیم الرحمٰن کے مطابق ’ہم چاہتے ہیں کہ جسے عوام نے مینڈیٹ دیا ہے اسے تمام سیاسی جماعتیں تسلیم کریں۔ پی ٹی آئی سے درخواست ہے کہ ہماری سپورٹ کرے۔‘

حافظ نعیم الرحمٰن ہفتے کو پی ٹی آئی سیکرٹریٹ میں میئر کراچی کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کی قیادت سے بات چیت کے بعد مقامی میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

اس سے پہلے جماعت اسلامی کے وفد نے تحریک انصاف کراچی کے صدر بلال غفار، علی زیدی اور دیگر رہنماؤں سے تفصیلی گفتگو کی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

میڈیا سے بات کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ’ہمیں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے شدید تحفظات ہیں۔ ہم ہر صورت میں جماعت اسلامی کا میئر لانا چاہتے ہیں۔‘

’فارم 11 کے مطابق جو نتائج آئے ان کو بھی تبدیل کرنا شروع کر دیا گیا ہے۔ دوبارہ گنتی کےعمل میں بھی ہماری یوسیز کی نششتیں کم ہو گئی ہیں۔ ملیر میں دوبارہ گنتی کے عمل پرہمارے لوگ جمع ہوئے تو باقاعدہ حملہ ہوا۔ ووٹوں کی دوبارہ گنتی پیپلزپارٹی کو فائدہ پہنچانے کے لیے کی جا رہی ہے۔‘

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے پی ٹی آئی کے ساتھ ایک مشترکہ چار رکنی کمیٹی بنائی گئی ہے جو فارم 11 سمیت الیکشن کے دوران جو کچھ ہوا اس کا مشترکہ طور پر جائزہ لے گی۔

یاد رہے کہ میئر کے معاملے پر سعید غنی کی قیادت میں پیپلز پارٹی کا وفد جماعت اسلامی کراچی کے دفتر ادارہ نور حق میں حافظ نعیم دیگر رہنماؤں سے ملاقات کر چکا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان