ضمنی انتخابات: عمران خان 33 نشستوں پر پی ٹی آئی کے تنہا امیدوار

پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے 16 مارچ کو قومی اسمبلی کی 33 نشستوں کے لیے ضمنی انتخابات میں صرف عمران خان کو کھڑا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت اتوار کو کور کمیٹی اور سینیئر پارٹی ممبرز کا اجلاس ہوا (تصویر: عمران خان/ فیس بک)

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے قومی اسمبلی کی خالی ہونے والی 33 نشستوں کے لیے ضمنی انتخابات میں صرف پارٹی سربراہ عمران خان کو امیدوار کے طور میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ فیصلہ پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، جس کا اعلان جماعت کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے اتوار کی شام میڈیا سے گفتگو میں کیا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کی 33 خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کیا ہوا ہے، جس کے مطابق ضمنی انتخابات کے سلسلے میں پولنگ 16 مارچ کو ہو گی۔
ان انتخابات میں کاغذات نامزدگی چھ سے آٹھ فروری تک جمع کروائے جا سکتے ہیں۔

پاکستانی پارلیمان کے ایوان زیریں (قومی اسمبلی) کی یہ نشستیں پاکستان تحریک انصاف کے اراکین (ایم این ایز) کے استعفوں کی صورت میں خالی ہوئی ہیں۔

سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے چند روز قبل ہی پاکستان تحریک انصاف کے ایم این ایز کے استعفے قبول کرتے ہوئے، الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھیجے تھے۔

میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت نے قومی اسمبلی کے 33 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں انتخابات لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا: ’ان تمام حلقوں میں عمران خان (پی ٹی آئی کے) امیدوار ہوں گے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ تینتیس میں سے ہر حلقے میں پی ٹی آئی ڈی نوٹیفائی ہونے والے رکن قومی اسمبلی عمران خان کے کورنگ امیدوار کے طور کاغذات جمع کریں گے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی نے ضمنی انتخابات کا 90 روز میں انعقاد کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے سمجھتی ہے کہ ایک دن کی تاخیر بھی آئین کے آرٹیکل چھ کی زد میں آئے گی۔  

پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف سیاسی میدان میں موجود رہے گی۔ ’قوم ہمارے ساتھ ہے، 17جولائی کے انتخابات میں بھی عوام نے ہمارےحق میں فیصلہ سنایا تھا۔‘

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے گذشتہ سال اکتوبر میں قومی اسمبلی کی آٹھ نشستوں کے لیے ضمنی انتخابات میں اپنی جماعت کی طرف سے واحد امیدوار کی حیثیت سے حصہ لیا تھا، اور چھ نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست