ترکی و شام زلزلہ: پاکستانی بزنس مین کا تین کروڑ ڈالر کا عطیہ

ایک پاکستانی کاروباری شخصیت جنہوں نے گمنام رہنے کا انتخاب کیا، امریکہ میں ترکی کے سفارت خانے میں گئے جہاں انہوں نے زلزلہ متاثرین کے لیے تین کروڑ ڈالر کا عطیہ دیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک پاکستانی کاروباری شخصیت کی طرف سے ترکی اور شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے تین کروڑ ڈالر کی امداد دینے کے اقدام کو سراہا ہے۔

اپنی ٹویٹ میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’ایک گمنام پاکستانی کی مثال دیکھ کر دل بہت متاثر ہوا۔ انسان دوستی کے ایسے شاندار کام بظاہر ناقابل تسخیر دکھائی دینے والی مشکلات پر فتح حاصل کرنے کے قابل بناتے ہیں۔‘

اس سے قبل بابا عمر کے ٹوئٹر ہینڈل سے کی گئی ایک ٹویٹ میں بتایا گیا کہ ایک پاکستانی کاروباری شخصیت جنہوں نے گمنام رہنے کا انتخاب کیا، امریکہ میں ترکی کے سفارت خانے میں گئے جہاں انہوں نے زلزلہ متاثرین کے لیے تین کروڑ ڈالر کا عطیہ دیا۔

ترک نیوز چینل ٹی آر ٹی ورلڈ کے انگریزی پروگرام میں میزبانوں کو یہ تصدیق کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ میزبان نے تصدیق کی کہ امریکہ میں رہنے والے ایک پاکستانی بزنس مین نے واشنگٹن میں ترک سفارت خانے میں متاثرین زلزلہ کے لیے تین کروڑ ڈالر دیے تاہم انہوں نے اپنی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔

ٹی آر ٹی اردو کے مطابق جمعے کو ترکی میں پاکستان کے سفیر یوسف جنید اور پاکستانی سفارت خانے  کے عملے نے زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی سامان کی پیکنگ میں حصہ لینے کے لیے انقرہ میں بلدیہ چانکایہ کے کلیکشن پوائنٹ  کا دورہ کیا  زلزلے سے  متاثرہ  افراد کے لیے امدادی سامان متعلقہ حکام  کے حوالے کیا۔

پاکستان کے سفیر، سفارت کاروں، عملے اور استنبول میں پاکستانی قونصل خانے  کے عملے کی جانب سے جمع کیے جانے والے 100 امدادی پیکٹ کو چانکایہ بلدیہ کے ڈپٹی میئر مسلم تیکن کے حوالے کیا گیا۔

ان امدادی اشیا میں جیکٹس، جوتے، کھانے پینے کا سامان، پانی، بچوں کی خوراک، ڈائپر اور سینیٹری کی اشیا شامل تھیں۔

دوسری جانب ریڈیو پاکستان کی ایک ٹویٹ کے مطابق امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان واشنگٹن میں ترکی کے سفارت خانے میں گئے اور تباہ کن زلزلے میں ہزاروں افراد کی موت پر ترک بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے رپورٹ کیا ہے کہ ہفتے کو اعلان کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق پیر کو شام اور ترکی میں آنے والے زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 25 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔

ترک صدر رجب طیب اردوغان نے ملک کے جنوب مشرقی شہر سانلیورفا کے دورے کے دوران کہا ہے کہ ترکی میں زلزلے کے بعد اب تک 21 ہزار 848 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ شام میں حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 3553 ہو گئی ہے۔

قبل ازیں منگل کو پاکستان کی وفاقی کابینہ نے ترکی میں زلزلہ متاثرین کی امداد کے لیے وزیراعظم امدادی فنڈ قائم کرنے کی منظوری دی۔

ایوان وزیراعظم کے مطابق امدادی فنڈ کے قیام کی منظوری اسلام آباد میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس کی صدارت وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی کابینہ کے اراکین ایک، ایک ماہ کی تنخواہیں ترکی کے لیے قائم کیے گئے وزیراعظم امدادی فنڈ میں جمع کی جائیں گی۔

ارکان کابینہ کی تنخواہوں کے علاوہ 18 سے 22 گریڈ سرکاری ملازمین کی ایک،ایک دن کی تنخواہیں بھی وزیراعظم امدادی فنڈ میں جمع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی امریکہ