فرح خان کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج

ایف آئی اے نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ فرح خان ملک سے باہر ہونے کی وجہ سے نہ پیش ہوئیں اور نہ ہی ایف آئی کے کسی نوٹس کا جواب دیا گیا ہے۔

فرح خان وزیر اعظم عمران خان کے پالتو کتے کے سر پر ہاتھ پھیر رہی ہیں (فرح خان/ انسٹاگرام)

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے محکمہ انسداد بدعنوانی پنجاب کی سفارش پر فرح  شہزادی عرف فرح خان کے خلاف کرپشن اور منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔

ایف آئی اے لاہور نے فرح خان کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ درج کی جانے والی ایف آئی آر کے مطابق محکمہ انسداد بدعنوانی پنجاب نے ایف آئی اے کو 22 فروری کو خط لکھا کہ ’فرح خان کے خلاف کرپشن کے مختلف مقدمات اور شکایات پر انکوائری جاری ہے جس میں منی لانڈرنگ اور غیر قانونی ٹرانزیکشنز کا معلوم ہوا ہے۔

’لہذا فرح شہزادی عرف فرح خان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات اور کارروائی کی جائے۔‘

جس پر ایف آئی اے نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ فرح خان ملک سے باہر ہونے کی وجہ سے نہ پیش ہوئیں اور نہ ہی ایف آئی کے کسی نوٹس کا جواب دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ 16 فروری کو ایف آئی اے نے مبینہ منی لانڈرنگ میں فرح خان اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کو نوٹس جاری کیے تھے۔

ایف آئی اے لاہور نے فرح خان اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کو اینٹی منی لانڈرنگ کے الزام میں 17 فروری کو طلب کیا تھا، اس سلسلے میں ان کی رہائش گاہ پر نوٹس جاری کیے تھے۔

احسن جمیل گجر کو جاری نوٹس میں کہا گیا تھا کہ وہ سٹیٹ بینک کی جانب سے مشکوک ٹرانزیکشن رپورٹس کی تفصیلات کی روشنی میں اپنا مؤقف ایف آئی اے کے روبرو پیش کریں۔ مگر ان کی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا۔

محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل سہیل ظفر چٹھہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی دوست فرح خان اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کے خلاف نئے سرے سے انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔‘

سہیل ظفر چٹھہ نے کہا: ’فرح خان کے خلاف درج تمام مقدمات کی نئے سرے سے انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اثر و رسوخ سے فرح نے زرعی زمین سستے داموں فروخت کروائی تھی، فرح خان کا کیس ایف آئی اے کو بھی بھجوا دیا گیا ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سہیل ظفر کے بقول: ’شیخ رشید کے خلاف انکوائری کو بھی ری اوپن کر دیا گیا، رنگ روڈ سکینڈل کی فائل بھی دوبارہ انکوائری کے لیے کھول کر دی گئی ہے۔ جس میں شیخ رشید نے رنگ روڈ سکینڈل میں سڑک کا رخ اپنی زمین کی طرف کروایا تھا۔ انہوں نے اس طرح اپنی زمین کی قیمت بڑھائی تھی۔‘

ڈی جی اینٹی کرپشن نے کہا کہ ’پنجاب بھر کی تمام ہاسنگ سوسائٹیز کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا گیا ہے، دیکھا جا رہا ہے عثمان بزدار اور پرویز الٰہی نے کتنی ہائوسنگ سوسائٹیز کو ریلیف دیا۔ چوہدری پرویز الٰہی کے دور میں ترقیاتی کاموں کا تمام ریکارڈ طلب کر لیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی دور کے ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات بھی طلب کر لیں،  سینیئر افسران کو انکوائری میں ریکارڈ سمیت بلا لیا گیا ہے۔ جو افسر اینٹی کرپشن سے تعاون نہیں کرتا اسے گرفتار کیا جائے گا۔‘

سہیل ظفر نے مزید بتایا ہے کہ ’انکوائریاں اور گرفتاریاں آئندہ ہفتے شروع کی جا سکتی ہیں، ایل ڈی اے کے معاملات عدالت میں ہیں، اس لیے انکوائری مؤخر کر دی، محمود الرشید، مونس الٰہی، راجہ بشارت، مراد راس، یاسمین راشد و دیگر وزرا کے محکموں کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔‘

محکمہ انسداد بدعنوانی پنجاب نے عمران خان کی اہلیہ کی قریبی دوست فرح خان کے خلاف ’ڈیری اینڈف وڈ کمپنی‘ کے لیے سرکاری زمین کو مارکیٹ ویلیو سے کم قیمت پر لیز پر لینے کا مقدمہ بھی درج کر رکھا ہے۔

مقدمے میں کہا گیا ہے کہ ’2016 میں فرح خان اور ان کی والدہ بشریٰ خان نے 26 نومبر 2020 کو سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) میں اپنی کمپنی ’المعیز ڈیری اینڈ فوڈز پرائیوٹ لمیٹڈ‘ کے نام سے کمپنی رجسٹر کرائی۔

’اس کے بعد 30 نومبر 2020 کو المعیز ڈیری اینڈ فوڈز پرائیوٹ لمیٹڈ کی ڈائریکٹر فرح خان نے فیصل آباد انڈسٹریل زون میں ساڑھے 10 ایکڑ زمین حاصل کرنے کے لیے تحریری درخواست دی۔

’بعد ازاں 15 مارچ 2021 کو فرح خان نے بتائے گئے طریقے کے تحت آن لائن درخواست جمع کرائی تاہم ضروری دستاویزات جمع نہ کرانے کی وجہ سے اسے مسترد کردیا گیا۔ فرح خان کے خلاف درج مقدمے میں کہا گیا ہے کہ ’اکتوبر 2021 کو انہوں نے تیسری مرتبہ زمین کے لیے درخواست دی۔ 29 اکتوبر کو زمین کی الاٹمنٹ کی منظوری دی گئی جبکہ چھ دسمبر کو الاٹمنٹ لیٹر بھی جاری کردیا گیا۔‘

مقدمے میں کہا گیا ہے کہ ’فرح خان نے سرکاری افسران کےساتھ مل کر کم قیمت پر زمین لیز پر لی، حاصل کی گئی زمین کی قیمت مارکیٹ ویلیو کے مطابق 60 کروڑ روپے بنتی تھی لیکن یہ زمین صرف آٹھ کروڑ روپے میں لیز پر حاصل کی گئی۔‘

اس کے علاوہ فرح خان پر توشہ خانہ سے حاصل کیے گئے تحائف بھی بیرون ملک فروخت کرنے کا الزام فرح خان پر عائد کیا گیا تھا جس کی انہوں نے تردید کی تھی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست