افغانستان کے خلاف ’نوجوان ٹیم‘ کا اعلان، شاداب کپتان

سلیکشن کمیٹی نے پیر کو قومی ٹیم کا اعلان کیا جو 24 سے 27 مارچ تک شارجہ میں افغانستان کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی گی۔

افغانستان کے خلاف سیریز کے لیے شاداب خان کو کپتان مقرر کیا گیا ہے (تصاویر: سوشل میڈیا)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے افغانستان کے خلاف رواں ماہ کے اختتام پر شارجہ میں کھیلی جانے والی تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر سیریز کے لیے بابر اعظم کو آرام دینے اور ان کی جگہ شاداب خان کو کپتان بنانے کا اعلان کیا ہے۔

سلیکشن کمیٹی نے پیر کو قومی ٹیم کا اعلان کیا جو 24 سے 27 مارچ تک شارجہ میں افغانستان کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی گی۔

سلیکٹرز نے بابر اعظم کے ساتھ ساتھ فخر زمان، حارث رؤف، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کو ورک لوڈ اور مستقبل کی سیریز کو مدنظر رکھتے ہوئے آرام دیا، جبکہ آصف علی، حیدر علی، محمد حسنین اور خوشدل شاہ کو اس سیریز سے ڈراپ کیا ہے۔

اعلان کردہ 15 کھلاڑیوں پر مشتمل سکواڈ میں احسان اللہ، صائم ایوب، طیب طاہر اور زمان خان کو شامل کیا گیا جنہوں نے پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن میں ایسی پرفارمنس دکھائی ہے کہ سلیکٹرز انہیں شامل کیے بغیر رہ نہ سکے۔

تین میچوں کی سیریز کے لیے عبداللہ شفیق، اعظم خان، فہیم اشرف اور عماد وسیم کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

جن نو کھلاڑیوں کو اس سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا ہے وہ آسٹریلیا میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 میں پاکستانی سکواڈ کا حصہ تھے اور یہ ٹیم فائنل میں پہنچی تھی۔

شاداب خان کے علاوہ سیریز میں برقرار رکھے جانے والے کھلاڑیوں میں افتخار احمد، محمد حارث، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ اور شان مسعود شامل ہیں۔

اس سیریز کے لیے محمد یوسف کو عبوری ہیڈ اور بیٹنگ کوچ بھی مقرر کیا گیا ہے۔

ٹیم سلیکشن کے بعد پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا کہ ’میں شاداب خان کو افغانستان کے خلاف سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا کپتان مقرر ہونے پر مبارک باد دینا چاہتا ہوں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کے بقول: ’شاداب خان پچھلے کچھ سالوں سے وائٹ بال کرکٹ میں پاکستان کے نائب کپتان رہے ہیں اور یہ بات منطقی ہے کہ وہ شارجہ کے تین میچوں کے دورے کے لیے بابر اعظم کی غیر موجودگی میں ٹیم کی قیادت سنبھالیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’شارجہ کے دورے اور تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے ہم نے محمد یوسف کو عبوری ہیڈ اور بیٹنگ کوچ بھی مقرر کیا ہے۔ محمد یوسف گذشتہ سال سے قومی ٹیم کے ساتھ بطور بیٹنگ کوچ ہیں اور نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں بھی کام کر رہے ہیں۔‘

پاکستان کا مکمل سکواڈ:

شاداب خان (کپتان)، عبداللہ شفیق، اعظم خان، فہیم اشرف، افتخار احمد، احسان اللہ، عماد وسیم، محمد حارث، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، صائم ایوب، شان مسعود، طیب طاہر، زمان خان۔

ریزرو کھلاڑی: ابرار احمد، حسیب اللہ اور اسامہ میر۔

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ