صائم ایوب: ’سعید انور کی جھلک، ویسٹ انڈیز کا انداز‘

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے صائم ایوب کی بلے بازی کے انداز کی وجہ سے انہیں پاکستان کے لیجنڈری بلے باز سعید انور سے مشابہہ قرار دیا جا رہا ہے۔

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ 2022 اپنے نام کرنے والی ٹیم ’سندھ‘ کے کھلاڑی صائم ایوب نے ٹورنامنٹ میں 12 اننگز میں 416 رنز بنائے (فوٹو: پی سی بی آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ)

پاکستان کا نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ اپنی تمام تر رونقوں کے ساتھ گذشتہ روز اختتام پذیر ہوا اور جاتے جاتے پاکستان کو ’سعید انور کی پرچھائی‘ بھی دے گیا۔

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے صائم ایوب کرکٹ شائقین کے دلوں میں گھر کر گئے ہیں اور بلے بازی کے انداز کی وجہ سے انہیں پاکستان کے لیجنڈری بلے باز سعید انور سے مشابہہ قرار دیا جا رہا ہے۔

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ 2022 اپنے نام کرنے والی ٹیم ’سندھ‘ کے کھلاڑی صائم ایوب نے ٹورنامنٹ میں 12 اننگز میں 416 رنز بنائے۔ 34.66 کی اوسط اور 155.22 کے سٹرائیک ریٹ سے بنائے گئے ان رنز میں دو نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔

کراچی سے تعلق رکھنے والے صائم ایوب کو اسی شاندار کارکردگی کی بنا پر ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔

بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے صائم ایوب پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ رہنے کے ساتھ ساتھ انڈر 16 اور انڈر 19 ٹیموں میں پاکستان کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔

کرکٹ شائقین صائم ایوب کی شاندار بلے بازی کی بہت پذیرائی کر رہے ہیں، خاص طور پر ان کے بیٹنگ سٹائل کو بہت سراہا جا رہا ہے۔

ٹوئٹر صارف احمد صدیقی نے لکھا: ’کون ہے یہ؟ ایسا لگ رہا ہے ایک دیگ میں سعید انور، گاور اور لارا کو ایک ساتھ ڈال کر گھوٹا لگا کر باہر نکال لیا ہو۔‘

عبداللہ انصاری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا: ’20 سالہ صائم ایوب بائیں بازو سے کھیلنے والے بلے باز ہیں۔ بہترین انداز۔ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کے بہترین کھلاڑی۔‘

ٹوئٹر صارف بلاول علی کا کہنا تھا: ’صائم ایوب، بابر اعظم کے بعد سب سے زیادہ سٹائلش بلے باز ہیں۔ ان کی شاٹ کھیلنے کی ٹائمنگ دیکھنا مجھے بہت ہی پسند ہے۔ مجھے امید ہے کہ وہ جلد ہی قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ ہوں گے۔‘

’بہترین وقت پر شاٹ کھیلنے والے، ابھرتے ستارے اور سعید انور کی پرچھائی۔‘

ایک اور ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ’ان کی بیٹنگ میں سعید انور کی جھلک اور ویسٹ انڈیز کا انداز نظر آتا ہے۔ اگر صائم اگلی منازل طے کرتے ہیں تو وہ کرکٹ کی دنیا کا سب سے زیادہ دلچسپ کردار بنیں گے۔‘

علی طاہر کا کہنا تھا کہ ’صائم ایوب نے انتہائی عمدہ شاٹس کھیلے، یہ قومی ٹیم میں کھیلنے کے حقدار ہیں۔ سعید انور کا کلاسی ورژن لگتے ہیں۔‘

ٹوئٹر صارف سرمد نے لکھا: ’اس کھلاڑی کو دیکھ کر بہت لطف اندوز ہوا۔ نام یاد رکھیں، صائم ایوب۔ یہ مجھے بےخوف کھلاڑی سعید انور کی یاد دلاتے ہیں۔‘

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ