حویلیاں میں فائرنگ: پی ٹی آئی رہنما سمیت آٹھ افراد قتل

خیبرپختونخوا پولیس کے مطابق حویلیاں کے علاقے لنگرا میں فائرنگ سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور تحصیل چیئرمین عاطف منصف خان سمیت آٹھ افراد جان سے گئے۔

چھ نومبر 2022 کی اس تصویر میں سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان عاطف منصف خان کو پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت پر پارٹی پرچم پہناتے ہوئے(تصویر: محمود خان فیس بک)

خیبرپختونخوا پولیس نے پیر کو بتایا کہ حویلیاں میں فائرنگ سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مقامی رہنما اور تحصیل چیئرمین عاطف منصف خان جان سے گئے۔

نامہ نگار اظہار اللہ کے مطابق ڈی پی او ایبٹ آباد عمر طفیل نے فائرنگ کے اس واقعے میں عاطف سمیت آٹھ افراد کی اموات کی تصدیق کی ہے۔

تھانہ حویلیاں کی حدود میں پیش آنے والے اس واقعے کے حوالے سے نائب محرر باسط نے بتایا کہ فائرنگ اس وقت ہوئی جب عاطف خان لنگرا کے علاقے میں تعزیت کے بعد واپس جا رہے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ تمام لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ڈی پی او ایبٹ آباد کے مطابق ’مخالف گروپ کی فائرنگ سے عاطف کی گاڑی کے فیول ٹینک میں گولی لگی جس سے آگ بھڑک اٹھی۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

عاطف کے ایک دوست نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا: ’عاطف کے خاندان کی گذشتہ 50 سال سے خاندانی دشمنی چلی آ رہی ہے جس میں اب تک دونوں جانب سے درجنوں لوگ قتل ہو چکے ہیں۔

’اسی دشمنی کی وجہ سے خود عاطف بھی کچھ عرصہ قبل کئی سال جیل میں رہے۔‘

’جیل سے رہائی کے بعد عاطف نے آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑا جس میں وہ بھاری اکثریت کے ساتھ جیت گئے اور پھر چار ماہ قبل پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی۔‘

دوست کے مطابق: ’عاطف کے مرحوم والد منصف خان بھی سیاست سے وابستہ تھے اور وہ مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی بھی رہ چکے تھے۔

عاطف خان کے دوستوں نے الزام لگایا کہ ’ایک گھنٹہ مسلسل عاطف خان اور ان کے ساتھ والی گاڑی میں سوار لوگوں پر فائرنگ ہوتی رہی، جس کے بعد مرنے والوں پر پٹرول چھڑک کر جلا دیا گیا۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان