’پریس کانفرنس میں آنسو اور لندن میں بھنگڑے؟‘ ابرارالحق کی وضاحت 

ابرار الحق 26 مئی کو ایک پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی سے علیحدہ ہوگئے تھے۔

 ابرار الحق نے نہ صرف پی ٹی آئی بلکہ سیاست سے بھی کنارہ کشی اختیار کرلی تھی (تصویر: ابرار الحق انسٹاگرام اکاؤنٹ)

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چھوڑنے والے گلوکار ابرارالحق کو حال ہی میں لندن میں ایک کانسرٹ میں پرفارم کرنے پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے حوالے سے انہوں نے اب تفصیلی وضاحت جاری کی ہے۔

پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں کی طرح ابرار الحق کا نام بھی اس فہرست میں شامل ہے، جنہوں نے نو مئی کو پارٹی چیئرمین عمران خان کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری کے نتیجے میں ہونے والے پرتشدد واقعات کے بعد نہ صرف پی ٹی آئی بلکہ سیاست سے بھی کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔

ابرار الحق نے 26 مئی کو ایک جذباتی پریس کانفرنس میں پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا اور دو دن بعد ہی وہ لندن میں ایک کانسرٹ میں پرفارم کرتے نظر آئے، جس پر انہیں سوشل میڈیا پر سخت تنقید برداشت کرنا پڑی تھی۔

 اس کانسرٹ کے فوراً بعد انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں آ کر معافی بھی مانگی، لیکن اب انہوں نے ٹوئٹر پر کی گئی متعدد ویڈیو ٹویٹس کے ذریعے اس سارے واقعے کی وضاحت پیش کی ہے۔ 

ابرار الحق نے ویڈیو کے آغاز میں ہی کہا: ’میرے بیٹے کا فون آیا کہ بابا میں بہت ذہنی دباؤ کا شکار ہوں۔ لوگ آپ کو سوشل میڈیا پر ٹرول کر رہے ہیں، کچھ حقائق تو لوگوں کو بتائیں۔‘

سوشل میڈیا پر یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ لندن میں ہونے والا یہ کانسرٹ پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما علیم خان کی ہاؤسنگ سوسائٹی کے اشتراک سے منعقد کیا گیا تھا۔

ابرار الحق نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ کچھ باتوں کی وضاحت دینا چاہتے ہیں، جن میں سے ایک یہ تھی کہ اس کانسرٹ سے علیم خان کا کچھ لینا دینا نہیں تھا۔

’یہ علیم خان کی سوسائٹی نہیں تھی۔ یہ انٹرنیشنل ٹریڈ ایکسپو تھا، جس میں بہت سارے لوگ آئے ہوئے تھے اور بڑے بڑے ٹائیکونز نے پراپرٹیز بیچیں اور پاکستان میں اس کا سرمایہ گیا اور یہ (کانسرٹ) دو تین ماہ پہلے سے طے شدہ تھا۔‘

گلوکار نے مزید کہا کہ ایک اور سوال جو ان سے ہوا وہ یہ تھا کہ ’کیا پیسے سے اتنی محبت ہے کہ سیاست چھوڑتے ہی شو کرنے آگئے؟‘

اس حوالے سے ابرار الحق نے کہا: ’اس شو کے سارے پیسے سہارا فار لائف ٹرسٹ کو گئے۔۔۔اگر مجھے پیسے سے پیار ہوتا تو میں شادیوں کے شو نہ چھوڑتا، جو ایک ایک شادی سے ایک ایک کروڑ روپیہ مجھے آفر ہوتا ہے۔ میری والدہ نے منع کیا تھا کہ یہ شو تم نے نہیں کرنے ہیں اور میں نے یہ اصولی موقف بنایا ہوا ہے اور اب تو پاکستان کو پتہ ہے کہ وہ شو میں نہیں کرتا۔‘

سوشل میڈیا پر ایسی خبریں بھی آئیں کہ لندن کانسرٹ میں جو بدمزگی ہوئی اس میں پی ٹی آئی کے کارکن ملوث تھے، اس خبر کو بھی ابرار الحق نے بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ چیزیں ایک اِدھر سے اٹھائی، ایک اُدھر سے اٹھائی اور ایک ایسی سنسنی خیز چیز بنا کر پیش کر دی جسے دیکھ کر مجھے خود ہنسی آجاتی ہے کہ کیا زبردست کام کیا ہے اور کئی تو ایسے ایسے گانے بھی ڈب کر دئیے جو وہم و گمان میں بھی نہیں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بقول ابرار الحق: ’جس نے بھی کام کیا ہے، وہ بڑا ذہین آدمی تھا لیکن اس میں ٹکے کی صداقت نیں ہے، بلکہ پی ٹی آئی والوں نے آکر کہا کہ ہم نے اس کی تردید کر دی ہے اور آپ تو ہمارے ہیرو ہیں۔‘

لندن کانسرٹ کے بعد ابرار الحق سے یہ سوال بھی کیا گیا کہ وہ پریس کانفرنس کے دوران آبدیدہ ہوگئے تھے اور کانسرٹ میں انہوں نے بھنگڑے ڈالے؟ اس کا جواب بھی انہوں نے اپنے حالیہ ویڈیو پیغام میں دیا اور 1996 میں اپنی والدہ کے انتقال کا واقعہ سنایا، جس کے بعد مجبوراً انہیں ایک شو کرنا پڑا تھا۔

 ان کا کہنا تھا: ’اس وقت آپ کو پتا چلتا ہے کہ جب آپ اذیت میں ہوں اور آپ کو ہنسانا پڑے، نچوانا پڑے لوگوں کو، وہ شو مجھے یاد ہے اور یہ شو بھی زیادہ مختلف نہیں تھا کہ آپ جس کرب سے گزر رہے ہیں، آپ کی 15 سالہ رفاقت ایک پارٹی سے ختم ہوئی ہے، آپ کے دوست اُدھر ہیں، پریشان ہیں، آپ خود ایک بڑی مشکل سے آئے ہیں، آپ کی فیملی ایک اذیت سے گزری ہے تو آپ کسی خوشی سے وہ شو نہیں کر سکتے ہیں، میری جگہ رہ کر سوچیں کے کتنی بڑی مجبوری ہو گی۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’سہارا فار لائف ٹرسٹ کو ہر ماہ سوا چھ کروڑ روپے صرف تنخواہوں کی مد میں اکٹھے کرنے ہوتے ہیں، جو میری ذمہ داری ہے۔ میں دو سے تین پروگرام ہر مہینے لازمی کرتا ہوں تاکہ کم سے کم ہم تنخواہیں وہاں سے پوری کریں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل