’پاکستان میں سندھی نہ بولے جانے کا میرا بیان درست نہیں تھا‘

بالی ووڈ اداکار نصیرالدین شاہ نے سندھی زبان سے متعلق اپنے بیان پر اپنی غلطی کا اعتراف کر لیا۔

26 نومبر 2014، کی اس تصویر میں بالی وڈ اداکار نصیر الدین شاہ ممبئی میں اپنی کتاب کی رونمائی کے موقع پر(اے ایف پی)

بالی وڈ کے سینیئر اداکار نصیرالدین شاہ نے پاکستان میں ’سندھی زبان نہ بولے جانے‘ سے متعلق بیان پر اپنی غلطی کا اعتراف کر لیا۔

نصیرالدین شاہ نے چند روز قبل اپنی نئی آنے والی ویب سیریز ’تاج ڈیوائیڈڈ بائے بلڈ‘ کی پروموشن کے لیے دیے گئے انٹرویو میں بر صغیر میں بولی جانے والی مختلف زبانوں سے متعلق بات کرتے ہوئے پاکستان میں بولی جانے والی زبانوں پر بھی بات کی۔

انہوں نے کہا کہ ’ان کے پاس بلوچی ہے، دری ہے، سرائیکی ہے اور پشتو ہے ، لیکن سندھی بلاشبہ پاکستان میں اب نہیں بولی جاتی۔‘

اس بیان کے وائرل ہوتے ہی جہاں انہیں عام پاکستانی شہریوں کی طرف سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا وہیں پاکستانی شوبز شخصیات نے بھی ان سے اختلاف کرتے ہوئے انہیں ٹوئٹر پو جواب دیا اور سندھی زبان میں ویڈیوز بھی بنائیں۔

ان شوبز شخصیات میں سے ایک نام پاکستانی اداکارہ منشا پاشا کا بھی تھا۔

منشا پاشا نے نصیرالدین شاہ کے انٹرویو کے کلپ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایک قابل فخر سندھی جو گھر میں سندھی زبان کا ہی استعمال کرتی ہے ان کی اس بات سے اختلاف کرتی ہیں۔‘

اس ٹویٹ کے بعد منشا پاشا نے، اداکار اور ہدایت کار یاسر نواز اور دانش نواز کے ساتھ سندھی زبان میں ایک ویڈیو بھی بنائی جس میں انہوں نے سندھی گانے میں پرفارم بھی کیا۔

ہر طرف سے تنقید کا سامنا کرنے کے بعد نصیرالدین شاہ نے اپنے فیس بک پوسٹ کے ذریعے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے لکھا کہ ’میری حال ہی میں کہی گئی باتوں سے دو غیر ضرروی تنازعات نے جنم لیا۔‘

’ایک پاکستان میں سندھی زبان سے متعلق میرا غلط بیان تھا۔ دوسری بات کہ میں نے مراٹھی اور فارسی زبان کے تعلق کے حوالے سے کی تھی۔‘

انہوں نے کہا کہ ’میرے درست الفاظ یہ تھے کہ بہت سے مراٹھی الفاظ کا ماخذ فارسی ہے۔ اس میں میرا مقصد مراٹھی زبان کی اہمیت کم کرنا نہیں بلکہ یہ بتانا تھا کہ تنوع تمام ثقافتوں کو کیسے مضبوط بناتا ہے۔‘

’اردو خود ہندی فارسی ترکی اور عربی کا مرکب ہے۔ انگریزی نے تمام یورپی زبانوں سے الفاظ  لیے ہیں جن میں ہندوستانی کا ذکر نہیں ہے اور مجھے لگتا ہے کہ یہ زمین پر بولی جانے والی ہر زبان کے لیے درست ہے۔‘

 نصیرالدین شاہ کے اس وضاحتی بیان پر پاکستانی اداکار عدنان صدیقی نے لیجنڈری اداکار کو سراہتے ہوئے ٹویٹ کی کہ ’غلطی کی معافی درحقیقت انسان کے کردار اور عقل کی سچی گواہی ہے۔‘

’نصیر صاحب کے حالیہ رویے نے ان کی عزت میری نظر میں بڑھا دی ہے۔ اپنی غلطیوں کو تسلیم کرنے اور ان کی ذمہ داری لینے کے لیے طاقت اور عاجزی کی ضرورت ہوتی ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل