پنجاب: 2023 کی پہلی ہیٹ ویو کی پیشگوئی

چیف میٹرولوجسٹ لاہور چوہدری اسلم نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’محکمہ موسمیات نے 20 جون سے 24 جون کے درمیان ہیٹ ویو کی پیشگوئی کی ہے۔‘

لاہور میں 17 مئی 2023 کو خواتین چھتری تانے سورج اور دھوپ سے بچتے ہوئے (اے ایف پی)

محکمہ موسمیات پاکستان کی ویب سائٹ پر جاری کردہ ہیٹ ویو الرٹ کے مطابق ’اگلے پانچ دنوں کے دوران پنجاب کے تمام اضلاع میں درجہ حرارت ’ہاٹ ڈے وارننگ‘ میں بڑھنے کا امکان ہے۔‘

پنجاب کے اس پانچ روزہ ہیٹ ویو الرٹ کے مطابق ’اگلے پانچ دن کے دوران پنجاب کے شمالی، وسطی اور مشرقی اضلاع میں نسبتاً کم لیکن جنوبی اور جنوب مغربی اضلاع اس مدت کے دوران ’ہاٹ ڈے وارننگ‘ میں رہنے کا امکان ہے۔‘

چیف میٹرولوجسٹ لاہور چوہدری اسلم نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’محکمہ موسمیات نے 20 جون سے 24 جون کے درمیان ہیٹ ویو کی پیشگوئی کی ہے۔ یہ اس برس صوبے کی پہلی ہیٹ ویو ہے۔ اس میں صوبہ پنجاب کے زیادہ تر میدانی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے چار سے چھ ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ ہو گا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ اس دوران آندھی اور تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں اور یہ سلسلہ 24 تاریخ تک جاری رہے گا، اس کے بعد یہ ہیٹ ویوو ختم ہو جائے گی اور پھر پاکستان میں اس سال ہیٹ ویو شاید نہ آئے۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ 24 جون کے بعد بارشیں شروع ہونے کا امکان ہے۔ ’پاکستان میں ہیٹ ویو کے مہینے مارچ سے جون تک ہوتے ہیں جولائی میں مون سون شروع ہوتا ہے تو نمی کا تناسب بڑھ جاتا ہے لیکن درجہ حرارت اتنا اوپر نہیں جاتا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ برس ہیٹ ویو مارچ میں شروع ہو گئی تھی اور ایک غیر معمولی صورت حال تھی جس میں وہ ہیٹ ویو جون تک گئی تھی اور تین ماہ تک پورا ملک اس کا شکار رہا۔  

اس برس کی ہیٹ ویو کا گذشتہ برس کے درجہ حرارت سے موازنہ نہیں کیا جا سکتا کیونکہ اس برس درجہ حرارت اس طرح سے نہیں بڑھا کہ ہیٹ ویو کی طرف جاتا۔  

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

چوہدری اسلم کا کہنا تھا کہ لاہور کا معمول کا درجہ حرارت اس ماہ 39 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ یہ درجہ حرارت ہیٹ ویو کے دوران چار سے چھ ڈگری سینٹی گریڈ بڑھے گا۔  

اسی طرح ملتان کا معمول کا درجہ حرارت 40 ہے تو وہ اس ہیٹ ویو کے دوران 46 ڈگری تک چلا جائے گا۔ درجہ حرارت میں چار سے چھ ڈگری کا اضافہ پورے پنجاب کو متاثر کرے گا۔ 

دوسری جانب پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان محمد تصور چوہدری  نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ موجودہ ہیٹ ویو کے پیش نظر محکمے نے پنجاب کی انتظامیہ کو مراسلہ جاری کر دیا ہے کہ وہ اپنے انتظامات مکمل رکھیں۔ 

لوگوں کو ہیٹ ویو سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کی تشہیر کرتے رہیں۔ ’ہم نے پنجاب کے محکمہ صحت کو بھی مراسلہ لکھا ہے کہ ہیٹ ویو سے متاثر جو بھی مریض ہسپتالوں میں آئیں، ان کے لیے علیحدہ وارڈ ہوں اور انہیں فوری طبی امداد دی جائے۔‘

تصور کا مزید کہنا تھا کہ ’ہیٹ ویو سے بچنے کے لیے پانی زیادہ سے زیادہ پیئیں۔ جو مزدور باہر کام کر رہے ہیں وہ دوپہر کے وقت کام نہ کریں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ماحولیات