انٹرمیامی میں میسی کا استقبال: ’امریکہ کے نمبر 10‘ قرار

انٹرمیامی کلب میں اپنے استقبال کے موقعے پر میسی کا کہنا تھا کہ میں ٹریننگ شروع کرنا چاہتا ہوں اور مقابلہ کرنا چاہتا ہوں۔

16 جولائی 2023، کی اس تصویر میں فٹ بال سٹار لیونل انٹرمیامی کلب میں شمولیت کے بعد کلب مالکان کے ہمراہ(اے ایف پی)

ارجنٹائن کے فٹ بالر لیونل میسی نے انٹر میامی کلب میں اتوار کو اپنے نئے مداحوں کو خوش آمدید کہا ہے جہاں کلب کے مالک نے انہیں ’امریکہ کا نمبر 10‘ قرار دیا۔

ایونٹ کے آغاز سے قبل گرج چمک کے ساتھ بارش کے باوجود ارجنٹائن کے ورلڈ کپ فاتح کی آمد کا جشن منانے کے لیے میامی میں 20 ہزار افراد کی گنجائش والا سٹیڈیم تقریباً بھرا ہوا تھا۔

فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق شدید بارش کی وجہ سے منتظمین کو ’تقریب رونمائی‘ کا تاخیر سے آغاز کرنا پڑا جبکہ بارش کے دوران شائقین اپنی گاڑیوں میں انتظار کرتے رہے۔

مدھم روشنی میں شائقین کی جانب سے میسی کے نام کے نعروں کے ساتھ تقریب مقررہ وقت سے تقریبا دو گھنٹے تاخیر کے ساتھ شروع ہوئی۔

کلب کے شریک مالک ڈیوڈ بیکھم نے تقریب کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ میسی کی آمد ایک ’خواب کی تعبیر‘ ہے، جس کے بعد مالک جارج ماس نے شائقین کو خوش آمدید کہا۔

کیوبن نژاد امریکی تاجر کا کہنا تھا کہ ’آج کی رات اس شہر کے لیے ایک تحفہ اور جشن ہے۔‘

انہوں نے میسی کو ’آپ کا نیا نمبر 10، امریکہ کا نمبر10‘ کہہ کر متعارف کرایا۔

 جس کے بعد انہوں نے کہا کہ ’یہ ہمارا وقت ہے۔ اس ملک میں فٹ بال کے منظر نامے کو تبدیل کرنے کا ہمارا وقت ہے۔‘

اس موقعے پر میسی نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا، جو منگل کو اپنے اہل خانہ کے ساتھ میامی پہنچے تھے اور مقامی سپرمارکیٹ میں خریداری کرتے ہوئے ان کی ایک تصویر وائرل ہو گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ’میری حمایت کرنے اور مجھے یہ پیار دینے کے لیے تمام لوگوں کا بہت بہت شکریہ۔ میں یہاں میامی میں آکر بہت خوش ہوں۔‘

’'میں ٹریننگ شروع کرنا چاہتا ہوں، مقابلہ کرنا چاہتا ہوں، ہمیشہ میری خواہش مقابلہ کرنا، جیتنا، کلب کی ترقی میں مدد کرنا تھی اور اب بھی وہی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’میں اس شہر میں کھیلنے کے لیے اپنے خاندان کے ساتھ آنے پر بہت خوش ہوں اور مجھے کوئی شک نہیں ہے کہ ہم اس سے بہت لطف اندوز ہوں گے، ہمارا وقت اچھا رہے گا اور بہت اچھی چیزیں ہونے جا رہی ہیں۔‘

میجر لیگ سوکر میں سب سے نچلے درجے کے کلب انٹر میامی نے ہفتے کو تصدیق کی کہ سات بار بالن ڈور جیتنے والے کھلاڑی نے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت وہ 2025 تک کلب کے ساتھ رہیں گے۔

بارسلونا کے سابق فٹبالر نے فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کے ساتھ معاہدہ ختم ہونے کے بعد میامی میں شمولیت کا فیصلہ کیا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہیں پیر کو ایک پریس کانفرنس کرنی تھی لیکن کلب نے اتوار کو کہا کہ اسے ملتوی کردیا گیا ہے۔ اس فیصلے کی کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔

میسی اس کلب کی جانب سے اپنا پہلا میچ جمعہ کو نئے لیگز کپ میں میکسیکو کی ٹیم کروز ازول کے خلاف کھیلیں گے۔ تاہم ٹیم کے نئے ارجنٹینی کوچ جیرارڈو مارٹینو نے ہفتے کو اپنی ٹیم کو ’صبر‘ کی تلقین کی جو 11 میچ ہار چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم مستقبل کی طرف اس امید کے ساتھ دیکھتے ہیں کہ دنیا کا بہترین کھلاڑی ہماری ٹیم میں کھیلے گا، لیکن اس کے ساتھ ہمیں صبر کی ضرورت ہے تاکہ وہ بروقت اچھی طرح کھیل سکے۔‘

لاطینی موسیقی کے ستارے کیمیلو اور اوزونا، میامی شہر کے شمال میں تقریبا ایک گھنٹے کی ڈرائیو پر واقع ڈی آر وی پی این کے سٹیڈیم میں لوگوں کی تفریح کے لیے موجود تھے۔

انٹر میامی میں اپنی مرضی کے تعمیر کردہ سٹیڈیم فریڈم پارک کی منصوبہ بندی کر رہا ہے لیکن 2025 تک اس کے کھلنے کا امکان نہیں ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فٹ بال