سعودی عرب کے سرکاری میڈیا نے جمعے کو رپورٹ کیا ہے کہ ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں انتہائی دائیں بازو کے گروپ کی جانب سے قرآن کی بے حرمتی کے معاملے پر ڈنمارک کے سفارت کار کو طلب کرکے احتجاج کیا گیا۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق جمعرات کو سعودی وزارت خارجہ کے حکام نے ڈنمارک کے ناظم الامور کو طلب کرکے انہیں ایک احتجاجی نوٹ پیش کیا اور ڈنمارک سے ان ’توہین آمیز اقدامات کو روکنے کا مطالبہ کیا گیا، جو تمام مذہبی تعلیمات، بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہیں‘ اور ’مذاہب کے درمیان نفرت کو ہوا دے سکتے ہیں۔‘
Foreign Ministry Summons Chargé d’Affairs of Danish Embassy, Hands her Protest Note Against Extremist Group's Burning of Holy Qur'an in Denmark.https://t.co/5ARmUUNu6M#SPAGOV pic.twitter.com/kXW6IcBkc5
— SPAENG (@Spa_Eng) July 27, 2023
25 جولائی کو اسلام مخالف کارکنوں کے ایک گروپ ڈانسکے پیٹریاٹر نے ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں مصر اور ترکی کے سفارت خانوں کے سامنے مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن کو نذر آتش کر دیا تھا۔
حالیہ ہفتوں کے دوران سویڈن میں بھی اسی طرح کے واقعات نے دنیا بھر کے مسلمانوں میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی تھی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم میں سلوان مومیکا نامی ایک عراقی پناہ گزین نے 28 جون کو عید الاضحیٰ کے موقعے پر جامع مسجد کے باہر پولیس سے اجازت ملنے کے بعد قرآن کی بے حرمتی کرتے ہوئے اسے نذر آتش کردیا تھا۔
بعدازاں رواں ماہ 20 جولائی کو بھی پناہ گزین سلوان مومیکا نے سویڈش دارالحکومت سٹاک ہوم میں عراقی سفارت خانے کے باہر قرآن کی بے حرمتی کی، لیکن اسے نذر آتش نہیں کیا۔ اس مظاہرے کے لیے سویڈش پولیس سے اجازت لی گئی تھی۔
سویڈش پولیس کی جانب سے اس اجازت نامے کی اطلاع ملتے ہی سینکڑوں مظاہرین نے عراقی دارالحکومت بغداد میں سویڈن کے سفارت خانے پر دھاوا بول کر اسے آگ لگا دی جبکہ عراق نے سویڈش سفیر کو بھی ملک بدر کر دیا تھا۔
سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی کے واقعے کی پاکستان اور سعودی عرب سمیت مسلم ممالک اور مسلم تنظیموں کی جانب سے شدید مذمت کی گئی تھی۔
سعودی عرب اور عراق نے سویڈن اور ڈنمارک میں قرآن کی بے حرمتی سے نمٹنے کے لیے جدہ میں قائم اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا ایک غیر معمولی اجلاس بھی طلب کر رکھا ہے، جس کا انعقاد پیر (31 جولائی) کو متوقع ہے۔