انڈین میڈیا کی اطلاعات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کو 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں اپنے ایک اور اہم میچ کے شیڈول میں تبدیلی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز نے رپورٹ کیا ہے کہ کرکٹ ایسوسی ایشن آف بنگال (سی اے بی) نے 12 نومبر کو پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے میچ کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سی اے بی کے مطابق کلکتہ پولیس کا کہنا ہے کہ اس دن انڈیا میں ہندوؤں کا مذہبی تہوار کالی پوجا منایا جا رہا ہے جس کی وجہ سے پولیس اس تہوار کے لیے حفاظتی اقدامات میں مصروف ہو گی۔ یہ بنگال میں دوسرا سب سے بڑا تہوار ہے۔
سی اے بی کا کہنا ہے کہ ان حالات کے پیش نظر پاکستان کرکٹ ٹیم کو مناسب سکیورٹی فراہم کرنا انتہائی مشکل ہو گا۔
گو کہ سی اے بی کے سربراہ سنے ہشیش گنگولی نے سرکاری طور پر شیڈول میں تبدیلی کی کسی بھی درخواست سے انکار کر دیا ہے۔
تاہم سی اے بی کے ایک عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’آئی سی سی اور بی سی سی آئی (بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا) کو کلکتہ پولیس کی جانب سے بیان کیے گئے سکیورٹی خدشات سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انڈین میڈیا کے مطابق کلکتہ پولیس نے دیوالی کے موقعے پر ہونے والے اس میچ کے لیے سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے خدشات کا اظہار کیا ہے۔
سی اے بی کے ایک سینیئر عہدے دار جو 17 رکنی آئی سی سی اور بی سی سی آئی انسپکشن ٹیم کے ساتھ ملاقات کا حصہ تھے، نے انڈیا کے سرکاری خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ ’ہم نے آئی سی سی اور بی سی سی آئی کو میچ ری شیڈول کرنے کے لیے کہا ہے اور اگر ایسا نہیں ہوتا تو ہم وزیراعلی ٰ کو اس کی اطلاع دیں گے۔‘
پاکستان اور انڈیا کے درمیان 15 اکتوبر کو احمد آباد میں ہونے والا میچ بھی مقامی پولیس کی جانب سے اٹھائے گئے سکیورٹی مسائل کی وجہ سے 14 اکتوبرکو ری شیڈول کیا جا چکا ہے کیوں کہ 15 اکتوبرکو ہندوؤں کے ایک اور اہم تہوار نوراتری کا پہلا دن ہو گا جس کی وجہ سے پولیس کے لیے سکیورٹی انتظامات کا انتظام کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔
اسی طرح پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا میچ جو ابتدائی طور پر 12 اکتوبر کو شیڈول ہے بھی کچھ دن کے لیے ملتوی کیے جانے کا امکان ہے۔