سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے درمیان جمعے کو جدہ میں ملاقات ہوئی ہے۔
سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے ایس پی اے نے رپورٹ کیا کہ ملاقات ایرانی وزیر خارجہ کے دورہ ریاض کے ایک حصے کے طور پر ہوئی۔
ایرانی وزیر خارجہ مارچ میں سعودی عرب اور ایران کے درمیان مفاہمت کے تاریخی معاہدے کے بعد سعودی عرب کے اپنے پہلے دورے پر ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے لیے مستقبل کے مواقعے کا جائزہ لیا۔
#Iranian Foreign Minister Hossein AmirAbdollahian met #Saudi Crown Prince Mohammed bin Salman today in #Jeddah. pic.twitter.com/W4IR71SOUR
— Iran Foreign Ministry (@IRIMFA_EN) August 18, 2023
انہوں نے تازہ ترین بین الاقوامی اور علاقائی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ایس پی اے نے رپورٹ کیا کہ حسین امیر عبداللہیان نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی جانب سے سعودی فرماں روا شاہ سلمان اور ولی عہد کو مبارک باد پیش کی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ملاقات میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے علاوہ ایرانی وفد بھی موجود تھا۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جون میں سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان کے دورہ ایران کے دوران ان کے ساتھ بات چیت کے بعد سعودی عرب کا دورہ کرنے والے ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ’صحیح راستے پر‘ ہیں۔
ایران کے پریس ٹی وی نے ایرانی وفد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ اور شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات بہت اچھی رہی۔
قبل ازیں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے جون میں تہران کا دورہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں امید ہے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی ’مناسب وقت‘ پر سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔