چترال میں دو چیک پوسٹوں پر حملہ، چار اہلکار جان سے گئے: پاکستان فوج

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 12 حملہ آور مارے گئے جبکہ کئی زخمی ہوئے۔

23 اگست، 2023 کو اچاؤ تہوار کے دوران ضلعی انتظامیہ سکیورٹی پر مامور (ڈپٹی کمشنر چترال/فیس بک)

پاکستان فوج نے بدھ کو ایک بیان میں بتایا کہ ضلع چترال میں افغان سرحد کے قریب اس کی دو چیک پوسٹس پر عسکریت پسندوں کے حملے میں چار سکیورٹی اہلکار جان سے گئے۔

پاکستان فوج کے ترجمان محکمے آئی ایس پی آر نے بتایا کہ چترال کے علاقے کیلاش میں جدید اسلحے سے لیس ’دہشت گردوں کے ایک بڑے گروپ‘ نے حملہ کیا۔

بیان کے مطابق افغان صوبوں کنڑ اور نورستان کے علاقوں گواردیش، پتیگل، برگ متل میں عسکریت پسندوں کی پیش قدمی کا علم ہوتے ہی عبوری افغان حکومت کو بروقت آگاہ کر دیا گیا تھا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ایسے پرخطر ماحول میں ہماری چیک پوسٹس پر ہائی الرٹ تھا اور پاکستان کے سکیورٹی اہلکاروں نے حملہ ہونے پر بھرپور جوابی کارروائی میں 12 حملہ آور مار دیے جبکہ متعدد کو زخمی کر دیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ اس حملے میں چار سکیورٹی اہلکار بھی جان سے گئے جبکہ کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

آئی ایس پی آر نے کہا کہ عبوری افغان حکومت سے امید کی جاتی ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گی۔

اس سے قبل لوئر چترال میں ضلعی انتظامیہ نے بتایا تھا کہ بمبوریت کے سرحدی علاقے میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع پر آج صبح سے آپریشن جاری ہے۔

لوئر چترال کے ڈپٹی کمشنر محمد علی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا تھا کہ بمبوریت کے ساتھ افغانستان سے متصل سرحد پر عسکریت پسندوں کی اطلاع کے بعد آپریشن کا آغاز کیا گیا۔ 

محمد علی کے مطابق ’کیلاش، بمبوریت کی جانب جانے والے راستے سیاحوں کے لیے بند ہیں کیونکہ آپریشن جاری ہے جبکہ مجموعی طور پر ضلعے بھر میں ایلیٹ فورس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔‘

انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر ضلع بھر میں حالات کنٹرول ہیں اور معمولات زندگی بالکل متاثر نہیں۔

یاد رہے کہ بمبوریت میں کیلاش برادری رہتی ہے اور ملکی و بین الاقوامی سیاح اس علاقے کا رخ کرتے رہتے ہیں۔ 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان