میانوالی: دریائے سندھ کے کنارے ’فش ہٹس‘ کا منصوبہ

یہ منصوبہ جس میں بیک وقت پارک، زپ لائن، سیاحوں کی رہائش کے لیے کمرے اور اب چار فش ہٹ کی تعمیر کا منصوبہ اور دریا کی سیر بھی شامل ہے۔

پاکستان میں سیاحت کے فروغ کا ادارہ ٹورازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن ضلع میانوالی میں دریائے سندھ کے کنارے دو کروڑ روپے کی لاگت سے ’فش ہٹس‘ بنا رہا ہے جس پر کام جاری ہے۔

انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کے آفیسرجلیل خٹک کا کہنا تھا کہ یہاں ملک بھر سے لوگ دریائے سندھ کی سیر کو آتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ’اب یہاں سے تین کلو میٹر کے فاصلے پر سی پیک مغربی روٹ اسلام آباد سے ڈیرہ اسماعیل خان گزر رہا ہے۔ جس سے یہاں سیاحوں کی آمد ورفت میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔‘

جلیل خٹک نے بتایا کہ ’یہاں سیاح دریائے سندھ، پہاڑوں، غروب آفتاب اور کالاباغ ریلوے پل کا نظارہ کر سکتے ہیں۔

’جبکہ سیاحوں کے لیے کمرے بھی بنائے گئے ہیں۔ جہاں وہ رہائش پذیر بھی ہو سکتے ہیں۔ جدید فیری بوٹ میں واش روم کی سہولت بھی موجود ہے اور ساڑھے تین کروڑ روپے مالیت کی بوٹس دبئی سے منگوائی گئی ہیں اور اس کے علاوہ ہمارے پاس چھوٹی کشتیاں بھی ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’یہاں سیاحت کے لیے آنے والوں میں سکول، کالج اور یونیورسٹی طلبا کی تعداد زیادہ ہے جو یہاں سیر کے لیے آتے ہیں۔‘

جلیل نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’سیاحت کا یہ منصوبہ 120 کنال اراضی پر قائم کیا گیا ہے اور یہاں ایک جدید پارک بھی بنایا جا رہا ہے۔‘

جلیل خٹک نے مزید بتایا کہ یہاں دریائے سندھ کی سیر کو آنے والے سیاحوں کے تحفظ کا خاص خیال رکھا جاتا ہے اور حفاظی جیکٹ کے بغیر کسی کو بھی فیری سروس استعمال کرنے کی اجازت نہیں۔

یہاں سیر کی غرض سے آنے والے سیاح احمد علی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’یہاں بہت پیارا نظارہ بنا ہوا ہے، اتنے اچھے اچھے مقامات ہیں جن میں ہنٹنگ پوائنٹ بھی کھولا گیا ہے۔‘

جلیل خٹک کے مطابق: اس جگہ کو ان لینڈ واٹر ڈویلپمنٹ ٹرانسپورٹ کمپنی کا نام دیا گیا تھا۔ شروع میں یہ ایک پائیلٹ پراجیکٹ تھا جس کے پہلے مرحلے میں کالاباغ سے اٹک تک دریائی راستے سے تجارت کو فروغ دینا تھا۔

اس سلسلے میں چھ کروڑ روپے کی لاگت سے ’ہاتھی‘ نامی بحری جہاز تیار کیا گیا اور جدید فیری بوٹس منگوائی گئیں۔

بعد میں یہ منصوبہ ختم کر دیا گیا تھا اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے دور حکومت، 2018 میں اسے ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کے حوالے کر دیا گیا اور اس میں مزید بوٹس کا اضافہ کیا گیا۔ اسلام آباد سے 155 کلو میٹر دور میانوالی میں پکی شاہ مردان کے علاقے میں سیاحت کا یہ پہلا منصوبہ ہے۔

یہ منصوبہ جس میں بیک وقت پارک، زپ لائن، سیاحوں کی رہائش کے لیے کمرے اور اب چار فش ہٹ کی تعمیر کا منصوبہ اور دریا کی سیر بھی شامل ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا