کراچی پولیس اہلکار کی فلسطین جانے کی اجازت کے لیے خط

کراچی پولیس کے انسپیکٹر فیاض جانوری نے ایک خط کے ذریعے فلسطین جانے کی درخواست کی ہے۔ تاہم محکمے نے ان کے خط کا معاملہ بند کر دیا۔

کراچی میں 19 جون، 2020 کو سندھ پولیس کا ایک اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہے (اے ایف پی/ آصف حسن)

فلسطین اور اسرائیل کے درمیان حالیہ شدید کشیدگی کے موقعے پر فلسطین جا کر ’جہاد‘ کرنے کی درخواست دینے والے کراچی پولیس کے ایک اہلکار کے خط کا معاملہ بند کرتے ہوئے انہیں ہیڈ کواٹرز منتقل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

کراچی پولیس کے انسپیکٹر فیاض احمد جانوری نے آئی جی سندھ کو جمعے کو خط لکھتے ہوئے باضابطہ طور پر فلسطین جانے کی اجازت طلب کرنے کے علاوہ اپنی تنخواہ کا 10 فیصد حصہ فلسطینی عوام کے لیے وقف کرنے کہا۔

خط کے متن کے مطابق: ’مجھے فلسطین کی آزادی تک جہاد میں شرکت کی اجازت دی جائے۔‘

انسپیکٹر فیاض جانوری نے بتایا کہ انہوں نے یہ خط جمعے کو لکھا تھا جس کا مقصد ’اپنا فرض‘ نبھانا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ ’میں پولیس  فورس میں اس لیے آیا تھا کہ اپنی قوم، ملک اور مسلمان بھائیوں کی خدمت کرنے کے لیے خود کو صرف کروں، نہ کہ مال بناؤں۔‘

انسپیکٹر فیاض کے مطابق: ’ماضی کے سیلاب میں میرا گھر ڈوب گیا تھا۔ جو پریشانی میں نے دیکھی تو میں محسوس کر سکتا ہوں کہ اس وقت میرے فلسطینی بہن بھائی کیسے بے سر و سامان تکلیف میں ہوں گے۔ یہی سوچ سوچ کر میں دن، رات کرب سے گزر رہا ہوں۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں انسانی ہمدری اور اپنے مسلمان بھائیوں کے لیے کچھ کرنا چاہتا ہوں اور انہی جذبات کو دل میں رکھتے ہوئے میں نے اپنی تنخواہ کا 10 فیصد حصہ فلسطینی عوام کے لیے وقف کرنے کا ارادہ کیا ہے۔‘

فیاض نے بتایا کہ ’ابھی تک سٹیٹ اور آئی جی (پولیس) کی جانب سے خط کا کوئی جواب نہیں آیا۔‘

ڈی آئی ساؤتھ اسد رضا نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں بتایا کہ انسپیکٹر فیاض ابھی تربیت کے مرحلے سے گزر رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ’فیاض جانوری نے جذبات میں آ کر یہ خط لکھا جبکہ میں نے ایس ایس پی سٹی سے خط کا معاملہ بند کرنے کو کہا ہے کیونکہ یہ خط لکھنے کا طریقہ نہیں۔‘

اسد رضا کے مطابق انسپیکٹر فیاض جانوری کو ہیڈ کوارٹر منتقل کرنے کا بھی حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔

فلسطین کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کے غزہ پر فضائی حملوں میں اب تک 2329 افراد جان سے جا چکے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان