سلمان بٹ ایک دن بعد ہی سلیکشن کمیٹی سے ہٹا دیے گئے

چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے سابق کپتان سلمان بٹ کو اپنا کنسلٹنٹ بنائے جانے کے اگلے ہی دن عہدے سے ہٹا دیا۔

12 اپریل 2014 کو پاکستان کے سابق ٹیسٹ کپتان سلمان بٹ لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے (عارف علی/ اے ایف پی)

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے سابق کپتان سلمان بٹ کو اپنا کنسلٹنٹ بنائے جانے کے اگلے ہی دن ہفتے کو عہدے سے ہٹا دیا۔

گذشتہ روز بورڈ نے سابق کرکٹرز کامران اکمل، راؤ افتخار انجم اور سلمان بٹ کو وہاب ریاض کے کنسلٹنٹ کے طور پر مقرر کیا تھا۔

وہاب ریاض نے آج لاہور میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’جمعے کو میں نے ہی سلمان بٹ کو اپنی ٹیم میں شامل کیا تھا لیکن ان پر تنقید کی گئی اور میرے ذاتی دوست ہونے کی وجہ سے ان کو عہدہ دینے کا الزام لگایا گیا۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ وہ ’کرکٹ بورڈ کی بدنامی نہیں چاہتے اس لیے میں نے خود ہی سلمان بٹ سے بات کی، انہوں نے بھی کام کرنے سے انکار کیا، لہذا میں ہی انہیں اپنا کنسلٹنٹ بنانے کا فیصلہ واپس لیتا ہوں۔‘

وہاب کے بتایا کہ چیف سلیکٹر کا عہدہ ملنے کے بعد بہترین ٹیم سلیکشن کے لیے انہوں نے کامران اکمل، سلمان بٹ اور افتخار انجم کو اپنی ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

’یہ تینوں وسیع تجربہ رکھتے ہیں اس لیے اپنی طرف سے بہترین انتخاب کیا، لیکن جب سلمان بٹ کی وجہ سے سوالات اٹھائے گئے اور تنقید کی گئی تو یہ فیصلہ کرنا پڑا۔‘

وہاب نے بتایا کہ ’اب سلمان بٹ کی جگہ اسد شفیق کو سلیکشن کمیٹی کا رکن بنایا گیا ہے۔‘

پی سی بی نے گذشتہ روز ایک پریس ریلیز میں کہا تھا کہ ’چیف سلیکٹر وہاب ریاض کا کنسلٹنٹ سلمان بٹ، کامران اکمل اور افتخار انجم کو بنایا گیا ہے۔ نیز یہ تینوں فوری طور پر اپنی ذمہ داریوں کا آغاز کریں گے، جن میں 12 جنوری سے نیوزی لینڈ میں ہونے والی  پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز ان کی پہلی اسائنمنٹ ہو گی۔

’یہ تینوں اراکین سلیکشن ڈیوٹی نہ ہونے کے دنوں میں سکلز کیمپ میں اضافی ذمہ داریاں بھی نبھائیں گے۔‘

سلمان بٹ کے خلاف سٹہ بازی کے الزمات اور سزا

سلمان بٹ کے نام کا اعلان ہوتے ہی کرکٹ شائقین نے سوشل میڈیا پر ان کے ماضی میں میچ فکسنگ میں ملوث ہونے کا معاملہ اٹھایا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان بٹ اور بولرز محمد عامر اور محمد آصف پر دورہ لندن کے دوران 2010 میں میچ فکسنگ کے الزمات سامنے آئے تھے، جس کے بعد ان کے خلاف کیس چلا اور سزا بھی ہوئی تھی۔

پی سی بی نے بھی ان کے خلاف کارروائی کی تھی جبکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سلمان بٹ پر 10 سال کرکٹ کھیلنے کی پابندی عائد کی تھی۔

سلمان بٹ پر تنقید کے بعد متعدد بار پی سی بی کی میڈیا ڈائریکٹر عالیہ رشید سے رابطہ کیا گیا لیکن انہوں نے کہا کہ ’مشاورت جاری ہے، شام ساڑھے آٹھ بجے فیصلے سے آگاہ کیا جائے گا۔‘

اس کے بعد وہاب ریاض میڈیا کے سامنے آئے اور انہوں نے سلمان بٹ کو سلیکشن کمیٹی سے علیحدہ کرنے کا اعلان کر دیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ