نیوزی لینڈ کی پاکستان ویمنز سے پہلے ٹی20 میں سات وکٹوں سے شکست

نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چھ وکٹوں پر 127 رنز بنائے، جنھیں پاکستانی بیٹرز نے صرف تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

پاکستانی بولر فاطمہ ثنا 21 فروری، 2023 کو کیپ ٹاؤن میں ویمنز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ایک میچ میں انگلش بیٹر صوفیہ ڈنکلے کو آؤٹ کرنے کے بعد ساتھ کھلاڑی کے ہمراہ خوشی کا اظہار کر رہی ہیں (اے ایف پی/ مارکو لونگاری)

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے اتوار کو فاطمہ ثنا کی تین وکٹوں کی مدد سے نیوزی لینڈ ویمن ٹیم کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں باآسانی سات وکٹوں سے ہرا دیا۔

ڈنیڈن میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں چھ وکٹوں پر 127 رنز بنائے، جنھیں پاکستانی بیٹرز نے 19ویں اوور میں صرف تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔

کیوی اوپنر سوئز بیٹس نے 28 رنز بنائے جبکہ میڈی گرین 48 رنز پر ناٹ آؤٹ رہیں۔

گرین نے صرف 28 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے یہ رنز بنائے۔ ان دو بیٹرز کے علاوہ کوئی بھی کیوی بیٹر نمایاں پرفارم نہ کر سکیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان کی فاطمہ نے صرف 18 رن دے کر تین وکٹیں لیں۔ ان کے علاوہ ڈیانا بیگ، ندا ڈار اور عالیہ ریاض نے ایک، ایک وکٹ لی۔

پاکستانی اوپنرز نے 128 رنز کے ہدف میں ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ منیبہ علی نے 23 رنز جبکہ شوال ذوالفقار نے 41 رنز بنائے۔

منیبہ نویں اوور میں ثوفی ڈیوائن کا اس وقت نشانہ بنیں جب مجموعی سکور 40 رنز تھا۔ 13ویں اوور میں دوسری اوپنر شوال بھی ڈیوائن کے ہاتھوں پویلین لوٹ گئیں۔

کپتان ندا ڈار نے ون ڈاؤن پوزیشن پر 23 رنز بنائے۔ ان کے 14ویں اوور میں آؤٹ ہونے کے بعد بسمہ معروف (13 رنز) اور عالیہ (25) نے جیت کو یقینی بنایا۔

کیوی بولر ڈیوائن نے دو جبکہ ایڈن کارسن نے ایک وکٹ لی۔

تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے باقی دو میچ پانچ اور نو دسمبر کو کھیلے جائیں گے، جس کے بعد تین ایک روزہ میچ کھیلے جائیں گے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ