منظور پشتین کو حراست میں لے کر صوبہ بدر کر دیا گیا ہے: جان اچکزئی

جان اچکزئی نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ’منظور پشتین کو حراست میں لینے کے بعد صوبہ بدر کر دیا گیا ہے تاہم ان کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں درج کیا گیا۔‘

منظور پشتین کی یہ تصویر چھ اپریل 2018 کو اے ایف پی کے ساتھ انٹرویو کے دوران لی گئی تھی (فائل فوٹو/ اے ایف پی)

بلوچستان کے نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین پر فائرنگ کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’فائرنگ منظور پشتین کے ایک محافظ نے کی‘ جس سے ایک خاتون اور بچہ زخمی ہو گئے۔

نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ’منظور پشتین کو حراست میں لینے کے بعد صوبہ بدر کر دیا گیا ہے تاہم ان کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں درج کیا گیا۔‘

جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ ’منظور پشتین پابندی کے باوجود صوبے میں داخل ہوئے، ضلع چمن آئے اور گذشتہ کئی دنوں سے چمن میں جاری دھرنے سے بار بار خطاب بھی کر رہے تھے۔‘

نگران وزیر اطلاعات نے پیر کو پیش آنے والے واقع پر کہا کہ ’جب منظور پشتین تربت جانے کے لیے چمن شہر سے نکلے تھے تو ان کے ایک محافظ نے چمن پریس کلب کے سامنے فائرنگ کی جس سے ایک خاتون اور بچہ زخمی ہوئے۔‘

دوسری جانب پشتون تحفط موومنٹ کے مرکزی کوارڈینیٹر اطلاعات آغا زبیر شاہ اور فدا محمد نے بھی منظور پشتین کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہیں پیر کی شام چمن شہر کے مرکزی علاقے سے گرفتار کیا گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے صدر ملک عابد کاکڑ ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری چنگیز حئی بلوچ ایڈووکیٹ نے اپنے ایک بیان میں پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین پر فائرنگ اور انہیں گرفتار کرنے کے خلاف منگل کو تمام عدالتوں سے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔

اس سے قبل ضلع چمن کے پولیس سربراہ نے تصدیق کی تھی کہ پیر کو منظور پشتین پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں وہ محفوظ رہے۔

ضلع چمن کے ڈی پی او جمیل نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے منظور پشتین پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے واقعے کی تصدیق کی تھی تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم کرنے سے گریز کیا تھا۔

پی ٹی ایم کے صوبائی کمیٹی کے رکن فدا محمد نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ یہ واقعہ چمن مال روڈ پر پریس کلب کے سامنے چیک پوسٹ کے قریب پیش آیا تھا۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان