مثبت پالیسیوں سے ملکی معیشت ٹریک پر آئی: نگران وزیراعظم

کراچی میں ایک تقریب سے خطاب میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے سٹرکچرل اور مائیکرو اکنامکل مسائل کو حل کرنے کی کوششوں سے ملک کی اقتصادی حالت کو بہتر بنانے میں مدد ملی۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ آٹھ دسمبر 2023 کو کراچی میں پاکستان سٹاک ایکسچینج میں سکوک بانڈز کے اجرا کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے (وزیراعظم آفس)

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے جمعے کو کہا ہے کہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کے باعث ملکی معیشت واپس ٹریک پر آ گئی ہے۔

جمعے کو کراچی میں پاکستان سٹاک ایکسچینج میں سکوک بانڈز کے اجرا کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ملک کی معیشت کو رواں مالی سال کے آغاز پر شدید مشکلات کا سامنا تھا لیکن حکومت پاکستان کی جانب سے سٹرکچرل اور مائیکرو اکنامکل مسائل کو حل کرنے کی کوششوں سے ملک کی اقتصادی حالت کو بہتر بنانے میں مدد ملی۔

وزیر اعظم نے کہا: ’میں تمام سٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، جن کی کوششوں سے ملکی معیشت واپس ٹریک پر آئی۔‘

انہوں نے کہا کہ پانچ ستمبر 2023 کو ملکی تاریخ میں ڈالر کی بلند ترین سطح جو انٹر بینک میں 307 روپے تک پہنچ گئی تھی، کو مستحکم کیا گیا اور آج اس کی قدر تقریباً 284 روپے ہے، جس سے نومبر میں مہنگائی کی شرح کم ہو کر 29.23 فیصد تک کم کرنے میں مدد ملی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

نگران وزیراعظم انوار الحق نے کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے حکومت کے کامیاب سٹینڈ بائے ایگریمنٹ سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا اور 2024 کے بجٹ پر عمل درآمد اور فسکل اور ایکسٹرنل اکاؤنٹس کو بہتر بنانے میں مدد ملی۔

انہوں نے کہا کہ اس مثبت پیش رفت سے ملکی معیشت کی مجموعی صورت میں بہتری کے آثار پیدا ہوئے۔

 نگران وزیراعظم نے سٹاک ایکسچینج کو ایک ’ڈائنامک فورس‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت میں سٹاک مارکیٹ کا کردار اہم ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج کا 60 ہزار کی حد عبور کرنا ایک تاریخی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سٹاک مارکیٹ میں حالیہ اضافہ مضبوط معیشت اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی بدولت ممکن ہوا۔ ’رواں سال ستمبر کے بعد سے کے ایس ای 100 انڈیکس میں 40 فیصد سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔‘

انہوں نے تاجر برادری سے کہا کہ وہ پوری صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے لیے اس ڈیجیٹل مارکیٹ میں سرمایہ لگائیں۔ نگران وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ متعدد کامیاب کمپنیاں پاکستان سٹاک ایکسچینج میں اپنا سرمایہ بڑھائیں گی۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی جانب سے گھنٹی بجانے کے بعد شروع ہونے والے کاروبار کے بعد پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں ریکارڈ تیزی کا سلسلہ جاری ہے۔

آج بھی بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران 453 پوائنٹس اضافے کے بعد تاریخ میں پہلی بار 65 ہزار کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق صبح تقریباً 9 بج کر 24 منٹ پر کے ایس ای 100 انڈیکس 453.05 پوائنٹس یا 0.7 فیصد سے بڑھ کر 65 ہزار 171 تک پہنچ گیا، جو گذشتہ روز 64 ہزار 718.07 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

جمعرات کو پی ایس ایکس کا کے ایس ای 100 انڈیکس 800 پوائنٹس اضافے کے بعد تاریخ میں پہلی بار 64 ہزار کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی معیشت