امریکہ: آرمی چیف کی اقوام متحدہ سربراہ سے ملاقات، غزہ میں سیزفائر پر زور

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریش سے ملاقات میں زور دیا کہ عالمی قوتوں کو غزہ میں فوری طور پر حملے رکوانے کی کوشش کرنی چاہیے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے 16 دسمبر کو امریکہ میں جاری اپنے دورے میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوراٹرز میں سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریش سے ملاقات میں متعدد معاملات پر گفتگو کی (آئی ایس پی آر)

پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریش سے ملاقات میں کشمیر میں انڈیا کی جارحیت اور غزہ پر اسرائیل کے حملے اور اسے روکنے کے لیے سیز فائر پر زور دیا۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے ہفتے کو جاری کیے گئے بیان میں بتایا کہ آرمی چیف نے امریکہ میں جاری اپنے دورے میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں سیکریٹری جنرل سے ملاقات میں متعدد معاملات پر گفتگو کی۔

آرمی چیف نے مسئلہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اسے سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، کیونکہ کشمیر کا دیرینہ تنازع حل ہونے تک جنوبی ایشیا میں امن نہیں آسکتا۔

انڈیا کی سپریم کورٹ نے 11 دسمبر کو جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 کی منسوخی اور پانچ اگست 2019 کے متنازع فیصلے کو چیلنج کرنے والی درخواستوں کو مسترد کرتے ہوئے انڈین الیکشن کمیشن کو حکم دیا تھا کہ وہ ستمبر 2024 تک جموں و کشمیر میں انتخابات کروائیں۔

جنرل عاصم نے جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کی انڈیا کی غیر قانونی کوششوں کی مذمت کی اور کہا کہ انڈیا کا یک طرفہ اور غیر قانونی اقدام سلامتی کونسل کی قراردادوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے انتونیو گوتریش سے گفتگو میں غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور فلسطینیوں کی حالت زار پر بھی روشنی ڈالی اور زور دیا کہ عالمی قوتوں کو غزہ میں فوری طور پر حملے رکوانے کی کوشش کرنی چاہیے۔

انہوں نے غزہ میں انسانی جانوں کے ضیاع پر بات کی اور کہا کہ انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی جاری رہنی چاہیے۔

آرمی چیف نے مسئلہ فلسطین کے لیے دو ریاستی حل کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریش نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے تحفظات کو سنا اور اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

انتونیو گوتریش نے ملاقات کے دوران عالمی امن و استحکام کے لیے پاکستانی فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے تعاون کو سراہا۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر ان دنوں امریکہ کے دورے پر ہیں جہاں ان کی امریکی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں جاری ہیں، اب تک انہوں نے امریکی سیکریٹری آف سٹیٹ، ڈیفنس سیکریٹری اور ڈپٹی سیکریٹری آف سٹیٹ سے ملاقاتیں کی ہیں۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔ 

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان