مرلی دھرن سے نیتھن لائن تک: 500 وکٹ کلب میں کون کون شامل ہے؟

وہ آٹھ بولر کون ہیں جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 500 یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کی ہیں؟

نیتھن لائن نے پرتھ میں پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں اپنی پانچ سو وکٹیں مکمل کیں (اے ایف پی)

نیتھن لائن اتوار کو پاکستانی آل راؤنڈر فہیم اشرف کو آؤٹ کر کے 500 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرنے والے بولروں کے کلب کے آٹھویں رکن بن گئے۔

36 سالہ نیتھن لائن مرلی دھرن کے بعد دوسرے آف سپنر ہیں جنہوں نے یہ شاندار کارنامہ سرانجام دیا ہے۔  

دلچسپ بات یہ ہے کہ نیتھن لائن نے اپنے کیریئر کی ابتدا میں کسی بڑی ٹیم میں شامل ہونے میں ناکام رہنے کے بعد ایڈیلیڈ اوول میں گراؤنڈ سٹاف کی ملازمت اختیار کر لی تھی۔ اسی دوران کوچ ڈیرن بیری کی نظر ان پر پڑ گئی جنہوں نے لائن کو ایک مقامی ٹیم ریڈ بیکس کی ٹی20 ٹیم میں منتخب کر لیا۔

لائن کی عمدہ کارکردگی کی وجہ سے ریڈ بیکس نے ٹورنامنٹ جیت لیا اور یوں ان کا کیریئر شروع ہوا۔

نیتھن لائن نے اب تک 123 میچوں کی 230 اننگز میں 5269 اوور کروائے ہیں جن میں انہوں نے 501 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ لائن نے اب تک اننگز میں پانچ وکٹیں 23 بار حاصل کی ہیں، جب ان کی بہترین بولنگ 50 رنز دے کر آٹھ وکٹیں ہے۔

ان کی اوسط 30.85 رنز فی وکٹ ہے، جو 500 کے کلب میں سب سے زیادہ اوسط ہے۔ اس کے مقابلے پر اس فہرست میں سب سے کم اوسط میک گرا کی ہے، یعنی 21.64۔ 

500 یا اس سے زائد وکٹیں لینے والے کلب کے ارکان چار سپنر اور چار ہی فاسٹ بولر ہیں۔ ان میں آسٹریلیا کے تین، انگلستان کے دو، سری لنکا کا ایک اور ویسٹ انڈیز اور انڈیا کا ایک بولر شامل ہے۔ پاکستان کا کوئی بولر اس کلب کا رکن نہیں ہے، اور پاکستان کی جانب سے وسیم اکرم نے سب سے زیادہ 414 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

اس تحریر میں ہم 500 کے کلب کے بقیہ سات ارکان پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

متھیا مرلی دھرن: 800 وکٹیں (سری لنکا)

سپن کا جادوگر کہلانے والے مرلی دھرن دنیا کے واحد بولر جنہوں نے 800 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

مرلی دھرن کا کیریئر بولنگ ایکشن پر اعتراضات کی وجہ سے متنازع رہا ہے، لیکن انہوں نے کئی بار ایکشن کے ٹیسٹوں میں ثابت کیا کہ ان کا ایکشن درست ہے۔

مرلی دھرن نے 133 میچوں میں 800 وکٹیں لیں، جن میں 67 بار ایک اننگز میں پانچ وکٹیں اور 22 بار میچ میں دس وکٹیں حاصل کرنے کے ریکارڈ شامل ہیں، جو آج تک ناقابلِ شکست ہیں۔

شین وارن (آسٹریلیا) 708 وکٹیں

شین وارن کو عام طور پر دنیا کی تاریخ کا عظیم ترین لیگ سپنر مانا جاتا ہے۔

ان کی مرلی دھرن سے زبردست رقابت چلتی رہی۔ اتفاق سے شین وارن نے اسی سیریز میں 500 وکٹیں حاصل کیں جس میں مرلی دھرن نے یہ سنگِ میل عبور کیا تھا۔

شین وارن نے 145 میچوں میں کل 708 وکٹیں اپنے نام کیں، جن میں 37 بار اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز شامل ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جیمز اینڈرسن (انگلینڈ) 690 وکٹیں

انگلستان کے سدا بہار بولر سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے فاسٹ بولر ہیں۔

سوئنگ بولنگ کے شہنشاہ اینڈرسن گذشتہ 20 برس سے لگاتار بین الاقوامی کرکٹ کھیل رہے ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کی بولنگ میں نکھار آیا ہے۔

اینڈرسن نے 183 میچوں میں 690 وکٹیں لی ہیں جن میں 32 ایک اننگز میں پانچ وکٹیں شامل ہیں۔

41 برس کی عمر میں بھی اینڈرسن فٹ ہیں اور توقع کی جا سکتی ہے کہ وہ 700 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے فاسٹ بولر بن جائیں گے، جن کا یہ ریکارڈ توڑنا کسی دوسرے فاسٹ بولر کے لیے ناممکن نہیں تو انتہائی مشکل ضرور ہو گا۔

انیل کمبلے (انڈیا) 619 وکٹیں

انیل کمبلے گیند کو زیادہ سپن نہیں کرواتے تھے مگر ان کا سب سے بڑا ہتھیار ان کی لائن اور لینتھ اور کنٹرول تھا جس کی مدد سے انہوں نے دنیا بھر کے صفِ اول کے بلےبازوں کو پریشان کیے رکھا۔

وہ اس فہرست میں شامل واحد بولر ہیں جنہوں نے ایک اننگز میں دس وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

انیل کمبلے نے 132 ٹیسٹ میچوں میں 619 وکٹیں حاصل کیں۔

سٹیورٹ براڈ (انگلینڈ) 604 وکٹیں

جیمز اینڈرسن کے ساتھ جوڑی کی شکل میں دنیا بھر کی بیٹنگ لائنز کو تتر بتر کرنے کی شہرت رکھنے والے براڈ گیند کو دونوں جانب سوئنگ کرنے میں مہارت رکھتے ہیں، اور خاص طور پر انگلینڈ کی کنڈیشنز میں انہیں کھیلنا بےحد مشکل ہوتا ہے۔

براڈ نے 167 میچوں میں 604 وکٹیں حاصل کی ہیں جن میں ایک اننگز میں 20 بار پانچ وکٹیں لینے کا کارنامہ شامل ہے۔

گلین میک گرا (آسٹریلیا) 563 وکٹیں

کرکٹ کی تاریخ کے عظیم ترین فاسٹ بولروں میں سے ایک میک گرا کی گیند کی رفتار بہت زیادہ نہیں تھی مگر ان کا کنٹرول ایسا تھا کہ اچھے اچھے بلے باز ان کے سامنے خود کو بےبس محسوس کرتے تھے۔

 کورٹنی والش (ویسٹ انڈیز) 519 وکٹیں

ویسٹ انڈیز نے 80 اور 90 کی دہائی میں ایک کے بعد ایک خوفناک فاسٹ بولر پیدا کیے مگر ان میں سے کسی کو بھی والش جیسی کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔ وہ کرکٹ کی تاریخ میں 500 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے بولر ہیں۔

والش نے 22 بار ایک اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ