پنجاب میں ضلع خوشاب کے علاقے وادی سون سے تعلق رکھنے والے احسان اعوان گذشتہ چار سال سے اپنے علاقے میں سیاحت کے فروغ کے لیے گالا کا اہتمام کر رہے ہیں۔
خوشاب کی وادی سون دل فریب نظاروں، پہاڑوں اور اپنے قدرتی ماحول کی وجہ سے بہت اہمیت کی حامل ہے، جہاں منعقد ہونے والے گالا میں ملک بھر سے سیاح شرکت کرتے ہیں۔
اس بار احسان اعوان نے سون ویلی کے زیر اہتمام ونٹر گالا کا انعقاد کیا، جس میں ملک بھر سے 40 سیاح شریک ہوئے۔ ان میں بچے، بوڑھے، جوان اور خواتین بھی شامل تھیں۔
ونٹر گالا میں آئے ہوئے سیاحوں کو دیسی کھانے پیش کیے جاتے ہیں اور یہاں ٹینٹ لگا کر کیمپنگ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ونٹر گالا کے منتظم احسان اعوان نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ اس وادی کو ماحولیاتی آلودگی اور درجہ حرارت میں اضافے سے روکنے کے لیے یہاں کنکریٹ کی تعمیرات نہیں ہونے دی جاتی تاکہ یہاں قدرتی ماحول برقرار رہے اور اس لیے وہ یہاں ایکو ٹورازم اور ماحولیاتی سیاحت کو فروغ دے رہے ہیں۔
احسان اعوان کہتے ہیں: ’یہ ایک چھپی ہوئی بہت پیاری وادی ہے۔ یہاں سہولیات کی تھوڑی کمی ہے لیکن قدرتی حسن کافی زیادہ ہے۔ ہم چار سال سے یہاں کی سیاحت پر کام کر رہے ہیں۔ سیاحت کے لحاظ سے یہاں کا بہترین موسم ستمبر سے شروع ہوتا ہے، کیونکہ ستمبر میں برسات کے بعد یہاں آبشاریں بہنا شروع ہو جاتی ہیں، جو بہت پیاری اور دیکھنے سے تعلق رکھتی ہیں۔‘
انہوں نے مزید بتایا: ’یہ ہمارا 24 واں ایونٹ ہے۔ ہم اسے چار سال سے کر رہے ہیں۔ ہم تقریباً دو ہزار سیاحوں کو سہولیات دے چکے ہیں جبکہ اس کے علاوہ معلومات بھی ہم مہیا کر چکے ہیں۔‘
احسان اعوان نے بتایا کہ وادی سون میں آنے والے مہمانوں کے لیے خاص طور پر یہاں کا ایک حلوہ بنایا جاتا ہے، جو ایک سوغات ہے۔