سائفر کیس: عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی ضمانت منظور

سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ضمانت 10، 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض منطور کی۔

29 اکتوبر 2022 کی اس تصویر میں سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی لاہور میں ایک لانگ مارچ کے دوران (اے ایف پی)

سپریم کورٹ نے جمعے کو سائفر کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ضمانت منظور کرلی۔

عدالت عظمیٰ نے عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی ضمانت 10، 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض منطور کی۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) انٹرنیشنل میڈیا سیل کے عہدیدار محمد احمد نے انڈپینڈنٹ اردو کی نامہ نگار قرۃ العین شیرازی کو بتایا کہ ’شاہ محمود قریشی پر صرف سائفر کیس ہی تھا، ہم امید کرتے ہیں کہ وہ رہا ہو جائیں گے جبکہ سابق چئیرمین عمران خان پر تقریباً 180 کیسز ہیں جن میں سے دو سے تین کیسز میں ان کی ضمانت منظور ہو گئی ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’جسٹس اطہر من اللہ کی بات انتہائی اہم ہے کہ ایک بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ کو انتخابات کے وقت پر اندر (قید میں) رکھا ہوا ہے۔‘ ساتھ ہی انہوں نے امید ظاہر کی کہ ’سپریم کورٹ عمران خان کے کیسز کو میرٹ پر دیکھے گی۔‘

اس سے قبل عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’آخر میں کمزور کیس بے نقاب ہی ہوتا ہے۔‘

دوسری جانب سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کی صاحب زادی مہر بانو قریشی کا کہنا تھا کہ ‏یہ ایک ’انتقام پر مبنی‘ کیس تھا۔

انہوں نے مزید کہا: ’آج ہمیں خوشی ہوئی کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور میرے والد کو ضمانت ملی۔‘

عمران خان نے اپریل 2022 میں اپنی حکومت کے خاتمے سے قبل اسلام آباد میں ایک جلسہ عام میں ایک خط (سائفر) لہراتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ یہ ایک غیر ملکی حکومت کی طرف سے لکھا گیا ہے جس میں ان کی حکومت ختم کرنے کی منصوبہ بندی ظاہر ہوتی ہے۔

سائفر ایک سفارتی سرکاری دستاویز کے طور پر جانا جاتا ہے۔ عمران خان کے خلاف یہ کیس اس بنیاد پر بنایا گیا کہ انہوں نے 2022 میں امریکہ میں اس وقت تعینات پاکستان کے سابق سفارت کار اسد مجید کی طرف سے بھیجے گئے سفارتی مراسلے کے مواد کو افشا کیا۔

واشنگٹن اور اسلام آباد کے درمیان سفارتی خط و کتابت یعنی سائفر سے متعلق  عمران خان کا کہنا تھا کہ اپریل 2022 میں ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد اور بطور وزیراعظم بے دخلی امریکی سازش کا حصہ تھی۔

امریکی حکام اس کی بارہا تردید کر چکے ہیں جبکہ پاکستانی حکومت بھی کہہ چکی ہے کہ ایسے شواہد نہیں ملے ہیں کہ پاکستان کے خلاف امریکہ نے کسی طرح کی سازش کی ہو۔

سائفر کیس: اب تک کیا ہوا؟

عمران خان کو سائفر کیس میں 15 اگست 2023 جبکہ شاہ محمود قریشی کو 20 اگست 2023 کو گرفتار کیا گیا تھا۔

سائفر کیس میں گرفتاری سے قبل عمران خان توشہ خانہ کیس میں سزا یافتہ ہونے پر اٹک جیل میں زیر حراست تھے۔

جب سائفر کیس میں وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے تو اٹک جیل میں ہی ان سے سائفر کیس کی تفتیش کی گئی اور ابتدائی طور پر خصوصی عدالت اٹک جیل میں جا کر سماعت کرتی رہی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

توشہ خانہ میں سزا معطلی کے باوجود سائفر کیس کی وجہ سے وہ اٹک جیل میں ہی قید رہے۔ عمران خان کی درخواست پر انہیں بعد ازاں اٹک جیل سے اڈیالہ منتقل کیا گیا اور خصوصی عدالت اڈیالہ جیل جا کر سماعت کرتی رہی۔

سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پر گذشتہ ماہ 23 اکتوبر کو اس کیس میں فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

اس کے بعد 27 اکتوبر کو سرکاری گواہ طلب کیے گئے لیکن اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل کے باعث کارروائی آگے نہ بڑھ سکی۔

پھر 31 اکتوبر کی تاریخ طے ہوئی جس میں 10 گواہوں کو پیش کیا گیا لیکن بیانات قلمبند نہ کیے جاسکے۔

سات نومبر کو عدالت نے تین گواہوں کے بیان قلمبند کیے اور جرح ہوئی جبکہ 14 نومبر کو دو گواہوں کے بیان قلمبند ہوئے جبکہ ایک پر جرح ہوئی، جس کے بعد کیس کی کارروائی اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر روک دی گئی۔

بعد ازاں 21 نومبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے قانونی تقاضے پورے نہ ہونے پر جیل ٹرائل کی کارروائی کالعدم قرار دیتے ہوئے قانونی تقاضوں کے ساتھ ازسرنو ٹرائل کا حکم دیا تھا، جس کے بعد خصوصی عدالت نے جیل ٹرائل کے قانونی تقاضے پورے کیے اور اڈیالہ جیل میں ٹرائل کا نوٹیفیکیشن جاری ہوا۔ 

13 دسمبر 2023 کو خصوصی عدالت نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت سابق عمران خان اور شاہ محمود قریشی پر سائفر کیس میں ایک بار پھر فرد جرم عائد کی تھی۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان