پاکستان ہاکی ٹیم اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈز میں سرپرائز دے گی: کپتان

کپتان عماد کے مطابق ٹیم میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو پاکستان کو جلد ٹاپ ٹین میں لے آئیں گے۔

پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ پرامید ہیں کہ اولمپک گیمز کے لیے 15 جنوری سے شروع ہونے والے کوالیفائنگ راؤنڈز میں وہ قوم کو سرپرائز دیں گے۔

ان کا ماننا ہے کہ سینیئر اور جونیئر کھلاڑیوں کے اشتراک سے ایک اچھی ٹیم بنی ہے اور اس میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو جلد عالمی درجہ بندی میں 16ویں نمبر پر موجود پاکستان کو ٹاپ ٹین میں لے آئیں گے۔

عماد نوجوان کھلاڑی ذکریا حیات کے ہمراہ مردان آئے تو سٹی میئر نے ان کے اعزاز میں دعوت کا اہتمام کیا۔

اس موقعے پر عماد نے افسوس کا اظہار کیا کہ گذشتہ 12 سال کے دوران پاکستان ہاکی ٹیم اولمپک گیمز کے لیے کوالیفائی نہیں کر پائی۔

انہوں نے بتایا کہ قومی ٹیم 13 جنوری کو مسقط کے شہر اومان روانہ ہو گی، جہاں اولمپک کے کوالیفائنگ راؤنڈز میں حصہ لینے والی آٹھ  ٹیمیں موجود ہوں گی۔

’ان راؤنڈز میں ہمیں ٹاپ تھری میں کوالیفائی کرنا ہو گا، امید ہے کہ ہم اپنا ہدف ضرور حاصل کریں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے سے بہتر حریفوں سے مقابلہ کرنے جا رہا ہے۔

پاکستان 15 جنوری کو اپنا پہلا میچ انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا، 16 جنوری کو ملیشیا اور 18 جنوری کو چین مدمقابل ہوں گے۔

عماد نے بتایا کہ پاکستان پہلے پول کے تینوں میچوں میں پہلی یا دوسری پوزیشن حاصل کرنے کی صورت میں ہی دوسرے پول میں جگہ بنا سکے گا، جہاں اس کا جرمنی، نیوزی لینڈ، کینیڈا اور چلی کی ٹیموں سے سامنا ہو گا۔

’ہمیں ان میں سے کسی ایک کے ساتھ سیمی فائنل کھیلنا پڑے گا اور ٹاپ تھری میں رہ کر اولمپک کوالیفائی کریں گے۔‘

ریٹائرمنٹ سے قبل پاکستان کو ایک کم از کم اولمپک میڈل دلوانا عماد کی خواہش ہے۔ ’پاکستان الیفائنگ راؤنڈ کے پہلے میچ میں قوم کو سرپرائز دے گا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

2020 میں پاکستان کی جانب سے انگلینڈ میں کامن ویلتھ گیمز کھیلنے والے عماد غیر ملکی ہاکی کلب کی جانب سے کھیلتے رہے ہیں۔ 

انہوں نے بتایا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے بلانے پر وہ پاکستان واپس آئے ہیں اور اب اپنے ملک کے لیے کھیلیں گے۔

عماد نے وسائل کی کمی کو ملک میں ہاکی کے زوال کی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم تیاری کے باوجود فنڈز کی کمی کی وجہ سے کئی ٹورنامنٹس نہ کھیل سکی۔

’اس وجہ سے ٹیم کے بین الاقوامی سطح پر پوانئٹس کٹتے رہے جس کے باعث پاکستان ورلڈ رینکنگ میں 16 ویں نمبر پر آ گیا۔‘

انہوں نے پاکستانی قوم سے زیادہ سے زیادہ کھیلوں کی طرف آنے کی بھی درخواست کی۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل