بیوی بھی ’بھلے‘ کہہ کر بلاتی ہے: ’عشق مرشد‘ کے اداکار علی گل ملاح

’عشق مرشد‘ میں فضل بخش کا کردار ادا کرنے والے علی گل ملاح کے مطابق ڈرامے کے باعث انہیں اتنی شہرت ملی کہ اب پڑوس میں کوئی مہمان آجائے تو وہ انہیں نیند سے جگا کر چھوٹے بچے گود میں دے کر تصاویر بنوانے آجاتے ہیں۔

علی گل ملاح نے ہم ٹی وی پر نشر ہونے والے ڈرامے ’عشق مرشد‘ میں فضل بخش کا کردار ادا کیا ہے (امر گرڑو/ انڈپینڈنٹ اردو)

ڈراما سیریل ’عشق مرشد‘ میں ’بھلے‘ کے ڈائیلاگ سے شہرت پانے والے اداکار علی گل ملاح کہتے ہیں کہ اب ان کی بیوی بھی انہیں ’بھلے‘ کہہ کر بلاتی ہیں۔

کندھ کوٹ سے تعلق رکھنے والے علی گل ملاح نے ہم ٹی وی پر نشر ہونے والے اس ڈرامے میں فضل بخش کا کردار ادا کیا ہے، جو ہیرو شاہ میر سکندر (بلال عباس) کا دوست ہے اور ہر بات پر سندھی زبان میں لفظ ’بھلے‘ بولتا ہے، جس کا مطلب ہے: ’ٹھیک ہے۔‘

انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں علی گل ملاح نے اپنے کیریئر، مشکلات اور ڈرامے میں کردار کے باعث ملنے والی مقبولیت کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں بچپن سے اداکاری کا شوق تھا مگر میں نے بہت مشکل زندگی گزاری ہے۔ ایک بار غربت سے تنگ آکر وہ ٹرین کے نیچے لیٹ کر اپنی جان لینا چاہتے تھے، لیکن ایک دوست نے یہ کہہ کر خودکشی سے روک دیا کہ انہوں نے ڈرامے کا سکرپٹ لکھا ہے، جس میں انہوں نے اداکاری کرنی ہے، جس کے بعد انہوں نے وہ ڈراما لکھوایا اور اس میں کام کیا۔

علی گل ملاح نے ڈراما ’عشق مرشد‘ کے حوالے سے بتایا کہ انہیں اس ڈرامے میں صرف چند اقساط میں اداکاری کرنی تھی، لیکن پھر کایا پلٹ گئی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے بتایا: ’کردار کی مقبولیت کے باعث میں اب تمام اقساط میں اداکاری کروں گا اور ڈرامے کے آکر تک ہیرو، ہیروئن کے ساتھ مرکزی کرادار ادا کرتا رہوں گا۔‘

علی گل ملاح کے مطابق ڈراما ’عشق مرشد‘ کے بعد ان کی مقبولیت میں سو گنا اضافہ ہوگیا ہے۔

انہوں نے ایک واقعہ سناتے ہوئے کہا کہ ’ڈراما سیریل اتنا مشہور ہوا کہ میں ایک دعوت میں شارجہ گیا تو وہاں فائیو سٹار ہوٹل کے مینیجر نے مجھے کہا کہ شاہ رخ خان کے ڈائیلاگ ’گیارہ ملکوں کی پولیس مجھے ڈھونڈ رہی ہے‘ کی طرح آپ کا ڈائیلاگ ’بھلے‘ بھی مشہور ہوا ہے۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ڈرامے کے باعث انہیں اتنی شہرت ملی کہ اب پڑوس میں کوئی مہمان آجائے تو وہ انہیں نیند سے جگا کر چھوٹے بچے گود میں دے کر تصاویر بنوانے آجاتے ہیں۔

علی گل ملاح نے تھیٹر اور سٹیج کے علاوہ سندھی زبان کے مختلف ٹی وی چینلوں پر بھی کام کیا ہے۔ سندھی اور اردو میڈیا میں فرق کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا: ’اردو میڈیا پروفیشنل اور قومی سطح کا پلیٹ فارم ہے، جہاں کام کرکے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔‘

ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ ’سندھی کمیونٹی کے لوگ مجھ سے بہت محبت کرتے ہیں اور کہیں جاؤں تو ویسے ہی عزت دیتے تھے جیسے کہ کوئی بہت بڑا فنکارہو۔‘

علی گل ملاح نے بے پناہ محبت دینے پر لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بیرون ملک بھی لوگ پہنچاننے لگے ہیں اور سراہتے ہیں۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹی وی