پنجاب: آئندہ تین ماہ کے لیے چالیس کھرب سے زیادہ کا بجٹ پیش

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا دوسرا اجلاس ہوا جس میں صوبائی کابینہ نے 2023-24 کے بجٹ مالیتی 4480.7 ارب روپے کی منظوری دی جس کے بعد اسے اسمبلی کے سامنے پیش کر دیا گیا۔

23 فروری2024 کو پنجاب اسمبلی میں نومنتخب ارکان (عارف علی/ اے ایف پی)

پاکستان میں عام انتخابات 2024 کے بعد سیاسی سرگرمیوں پر انڈپینڈنٹ اردو کی لائیو اپ ڈیٹس۔

  • پنجاب اسمبلی میں اگلے تین ماہ کا بجٹ آج پیش کر دیا گیا
  • پاکستان آئی ایم ایف مذاکرات کا آج آخری دن: مزید قرض کے حصول کی کوشش
  • پاکستانی طیاروں کی افغانستان میں بمباری سے آٹھ افراد کی موت: افغان حکومت
  • دہشت گردی افغانستان سے ہو رہی ہے، پناہ گاہیں یہاں بھی میسر ہیں: خواجہ آصف

18 مارچ شب پانچ بجکر 10 منٹ

پنجاب: مالی سال 2023-24 کے لیے چالیس کھرب سے زیادہ کا بجٹ منظور، اسمبلی میں پیش

پنجاب اسمبلی کا اجلاس پیر کو دو بجے شروع ہونا تھا جو اب تک نہیں ہو سکا البتہ پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کی طرف سے دی جانے والی معلومات کے مطابق صوبائی کابینہ کا دوسرا اجلاس پیر کو ہوا جس میں  وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سال 2023-2024 کی بجٹ دستاویزات پر دستخط کر دیے۔

کابینہ سے منظوری کے بعد بجٹ صوبائی اسمبلی میں پیش کر دیا گیا جہاں اس پر اب بحث ہو گی۔

بجٹ کا کل حجم 4480.7 ارب روپے رکھا گیا ہے۔

مالی سال 2023-24 کے لیے ترقیاتی بجٹ 655 ارب روپے مختص کیا گیا ہے۔

سماجی تحفظ اقدامات کا تخمینہ بجٹ20 ارب روپے  بھی منظورکر لیا گیا۔

صوبائی بجٹ میں صحت کے لیے 473.6، تعلیم کے لیے 596 ارب، تعمیرات 382 ارب اور لوکل گورنمنٹ کے لیے127.7 ارب روپے کے بجٹ سمیت رمضان پیکیج کے لیے 30ارب روپے کا بجٹ منظور کیا گیا۔

مفت کتابوں کی فراہمی کے لیے 11 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا جب کہ سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے لیے 12.5 ارب روپے، پی کے ایل آئی انڈومنٹ فنڈ کے لیے 10ارب روپے، حفظان صحت کے توسیع پروگرام کے لیے 11.4 ارب روپے، گندم کے قرضہ کی ادائیگی کے لیے 264 ارب روپ اور بجٹ میں زراعت پر 25.6 ارب روپے سبسڈی کے لیے مختص کیے گئے۔

صوبائی کابینہ نے ضمنی بجٹ 2023-24 کی منظوری بھی دی۔ صوبائی کابینہ نے پنجاب سیلز ٹیکس سروس ایکٹ میں ترامیم کی منظوری بھی دی۔ کابینہ نے جولائی تا اکتوبر، نومبر تا فروری اور مارچ 2024 کے بجٹ کی توسیع بھی کی۔ کابینہ نے آئی ایم ایف کو تسلی بخش بریفنگ دینے پر سیکرٹری فنانس مجاہد شیر دل کو سراہا۔

کابینہ کے اجلاس میں صوبائی وزرا، چیف سیکرٹری، آئی جی  اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ پرائس کنٹرول میں بہتری کی وجہ سے اشیا کے بے مثال حد تک نرخ نیچے آ رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے بھر میں 35 لاکھ سے زائد گھرانوں کو رمضان پیکیج کی ترسیل مکمل ہوچکی ہے، ایک ہفتے تک رمضان پیکیج کی ترسیل کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔


18 مارچ دن دو بجکر 40 منٹ

بیرون ملک سرکاری دورے اب کفایت شعار کمیٹی کی اجازت ہوں گے

کابینہ ڈویژن نے وفاقی کابینہ کے فیصلوں کی روشنی میں سفری پالیسی کا اجرا کر دیا ہے جس میں ہدایت جاری کی گئی ہے کہ سرکاری افسران سرکاری خرچ پر غیر ضروری بیرون ممالک سفر نہ کریں۔

انڈپینڈنٹ اردو کی نامہ نگار مونا خان کے مطابق ناگزیر وجوہات کے بغیر بیرون ملک سفر کی اجازت کفایت شعاری پر قائم کمیٹی سے لینا لازمی قرار دے دیا گیا۔ 

انڈپینڈنٹ اردو کو موصول دستاویز کے مطابق سرکاری افسران کے بیرون ملک دوروں کے دوران فائیو سٹار ہوٹل میں قیام پر پابند عائد ہو گی۔ اس کے علاوہ معاون اسٹاف کے بیرون ملک سفر کرنے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ہدایت جاری کی گئی کہ بیرون ملک دوروں پر ٹیلی کانفرنسنگ کو ترجیح دی جائے۔  

یہ تمام اقدامات معیشت کی کمزور حالت کے باعث اٹھائے گئے ہیں۔ دستاویز کے مطابق وفاقی وزرا، وزیر مملکت، مشیر اور معاونین، سیکریٹریز، ایڈیشنل سیکریٹریز اور انچارج ڈویژنز کے سرکاری دورے بھی وزیراعظم کی اجازت سے مشروط ہوں گے۔ 

جبکہ 20 ویں یا اوپر کے گریڈ کے افسران اور تین ممبران کے وفد کی اجازت متعلقہ وزیر سے لی جائے گی، تین سے زائد رکنی وفد کے سرکاری دورے کی اجازت وزارت خزانہ اور وزارت خارجہ کے ذریعے وزیر اعظم سے لی جائے گی، ناگزیر وجوہات کے بغیر دوروں کی اجازت بھی کفایت شعاری کمیٹی سے لینا لازمی قرار دی گئی ہے۔ 

دستاویز میں مزید کہا گیا کہ بیرون ملک دوروں کی تمام تفصیلات وزارت خارجہ کو فراہم کرنا لازمی ہوں گی۔

وفاقی وزیر، وزیر مملکت، مشیر اور معاونین سال میں بیرون ممالک تین دورے کرنے کے مجاز ہوں گے، خاص حالات میں ان دوروں میں اضافہ بھی ہو سکے گا لیکن وزارت خارجہ اور وزارت تجارت کو اس پابندی سے استثنا ہو گا۔ جبکہ عالمی مالیاتی اداروں کے دورے کے لئے تمام ڈویژنز کو اکنامک افئیرز ڈویژن سے این او سی لینا ہو گا۔  

اس کے علاوہ دستاویز میں کہا گیا کہ بیرون ملک دوروں کے لئے پی آئی اے کی پرواز پہلی ترجیح ہو گی۔ قومی اسمبلی اور سینیٹ اجلاسوں کے دوران کابینہ ارکان بیرون اور اندرون ملک سفر کرنے گریز کریں، بیرون ممالک دوروں کی تمام تفصیلات 15 روز میں وزارت خارجہ میں لازمی جمع کروانا ہوں گی۔ 

ممالک کے ساتھ تعلقات پر ہدایات

دستاویز میں کہا گیا کہ ایسی مملکت کے ساتھ رابطہ نہ کیا جائے جن سے پاکستان کے سفارتی تعلقات نہیں ہیں، تائیوان کے ساتھ سرکاری و نیم سرکاری روابط ون چائنا پالیسی کے تحت کیے جا سکیں گے، کوریا کے ساتھ روابط کے لیے خصوصی اجازت لینا لازمی قرار دیا گیا۔ اس کے علاوہ بھارت کے دورے کے لئے وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ سے لازمی اجازت لینا ہو گی۔


18 مارچ دن 12 بجکر 50 منٹ

جنرل (ریٹائرڈ) فیض حمید کے بھائی نجف حمید گرفتار

سابق ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلیجنس (آئی ایس آئی) جنرل (ر) فیض حمید کے بھائی نجف حمید کو اینٹی کرپشن کے ادارے نے پیر کو راولپنڈی کی عدالت کے باہر سے گرفتار کر لیا تاہم چکوال منتقلی کے دوران ان کی پولیس کی قید سے فرار ہونے کی غیر مصدقہ اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔

نامہ نگار مونا خان کے مطابق نجف حمید انسداد بدعنوانی ’اینٹی کرپشن‘ کے محکمے کو چکوال میں مالی فراڈ کے ایک مقدمے میں مطلوب تھے۔

انہوں نے راولپنڈی سے ضمانت قبل از گرفتاری کرا رکھی تھی لیکن پیر کو  وہ دیر سے عدالت پہنچے اور ان کے پہنچنے سے قبل ہی عدالت ان کی ضمانت قبل از گرفتاری مسترد کر چکی تھی جس پر انہیں حراست میں لے لیا گیا۔

نجف حمید کا تعلق ضلع چکوال سے ہے اور وہ نائب تحصیلدار تھے اور ان کے خلاف انسداد بدعنوانی کے محکمے میں فراڈ سیکشن 420 ،468 اور 471 کے تحت مقدمہ درج ہے۔

نجف حمید  کو محکمہ اینٹی کرپشن کا عملہ حراست میں لے کر چکوال روانہ ہو گیا اور ان کو منگل کو عدالت میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔


18 مارچ دن 11 بجکر 40 منٹ

پنجاب اسمبلی میں اگلے تین ماہ کا بجٹ آج پیش ہو گا

نامہ نگار فاطمہ علی کے مطابق پاکستان کے صوبہ پنجاب کی صوبائی اسمبلی میں اگلے تین ماہ کے لیے بجٹ آج سہ پہر شروع ہونے والے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں کی صدارت میں ہونے والے اس اجلاس کے ایجنڈے میں حکومت پنجاب کی جانب سے آئندہ تین ماہ یعنی یکم اپریل سے 30 جون تک کے بجٹ کے ساتھ ساتھ گذشتہ آٹھ ماہ کا استعمال شدہ بجٹ بھی ایوان میں پیش کیا جائے گا۔

پنجاب اسمبلی میں بجٹ صوبائی وزیر برائے خزانہ میاں مجتبی شجاع الرحمٰن پیش کریں گے۔

حکومت ایک ماہ کا بجٹ پہلے ہی اسمبلی سے منظور کروا چکی ہے۔

دوسری جانب شمالی وزیرستان چیک پوسٹ پر حملے کی مذمتی قرارداد بھی پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

قرارداد پاکستان مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی کنول لیاقت ایڈووکیٹ نے جمع کروائی ۔

قرار داد کے متن کے مطابق ’پنجاب اسمبلی کا ایوان  شمالی وزیرستان میر علی چیک پوسٹ پر دشمن کے بزدلانہ حملے کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔

’پوری قوم دہشت گردوں کے اس حملے میں شہادت کا بلند رتبہ پانے والے فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔

پوری قوم متحد ہو کر پاکستان فوج کے ساتھ کھڑی ہے اور شہدائے وطن کی لازوال قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ جام شہادت نوش کرنے والے شہدا ہمارا فخر ہیں۔‘

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان