گذشتہ شب پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے فائنل میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو شکست دے کر تیسری مرتبہ چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
اس فتح میں کلیدی کردار عماد وسیم کا تھا جنہوں نے اس اہم میچ میں نہ صرف ملتان سلطانز کے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی بلکہ قیمتی 19 رنز بھی بنائے۔ عماد وسیم نے اپنے چار اووروں میں صرف 23 رنز دے کر پانچ اہم کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
عماد وسیم کی اس شاندار کارکردگی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں تیسری بار فتح کا تاج اسلام آباد یونائیٹڈ کے سر سجا دیا۔
میچ کے دوران عماد وسیم کی ڈریسنگ روم میں ’سگریٹ پیتے‘ ویڈیو بھی منظرعام پر آئی۔
سوشل میڈیا صارفین عماد وسیم کی ڈریسنگ روم میں ’سگریٹ نوشی‘ پر دلچسپ تبصرے کرتے رہے۔
ایک ایکس صارف کا کہنا تھا کہ ’عماد وسیم پانچ وکٹیں لینے کے بعد ڈریسنگ روم میں سگریٹ پیتے پائے گئے۔ وہ انجوائے کر رہے تھے۔‘
ایکس صارف منیر احمد نے لکھا: ’عماد وسیم سلطانز کی بیٹنگ لائن اپ تباہ کرنے کے بعد سگریٹ کے کش لگاتے ہوئے۔‘
‘سوشل میڈیا صارف سجیت سمن کا کہنا تھا کہ ’عماد وسیم پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل میں پانچ وکٹیں لیں اور ڈریسنگ روم میں بیڑی بھی پی۔
’اکیلے عماد نے اپنی ٹیم کو آخری چار میچ جتوا دیے۔ وہ اپنی زندگی کا بہترین وقت گزار رہے ہیں۔‘
سید علی عباس زیدی نے اپنے خیالات کا اظہار عماد وسیم کی سگریٹ پیتے ہوئے تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا: ’یہ تصویر اس امر کی بہترین عکاسی ہے کہ کیسے عماد پی ایس ایل 9 میں سب سے آگے تھے۔‘
ایک اور صارف نے عماد وسیم کی ’سگریٹ پیتے‘ ہوئے ویڈیو شیئر کر کے کہا: ’عماد وسیم پی ایس ایل 2024 کے فائنل کو شہرت دلاتے ہوئے۔‘