اردن کی پاکستان کو دوسرے فٹ بال میچ میں بھی شکست

پاکستانی ٹیم نے اسلام آباد میں کھیلے گئے گذشتہ میچ کی طرح کوئی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا جبکہ میزبان ٹیم میچ کے آغاز سے ہی جارحانہ موڈ میں نظر آئی۔

عمان انٹرنیشنل سٹیڈیم میں تماشائیوں کی ایک بڑی تعداد نے میچ دیکھا (انڈپینڈنٹ اردو/منصور)

اردن کی فٹ بال ٹیم نے ورلڈ کپ 2026 کے گروپ جی کوالیفائرز کے ریٹرننگ مرحلے میں عمان میں پاکستان کو 7-0 سے شکست دے کر گروپ میں سعودی عرب کے بعد دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔

یہ مقابلہ عمان انٹرنیشنل سٹیڈیم منگل کی رات مقامی وقت کے مطابق 10 بجے کھیلا گیا جس میں اردن کے موسیٰ التعمری نے تین گول کرکے ہیٹ ٹرک کی۔ 

اردن کے ہیڈ کوچ مراکشی حسین اموتا نے پیر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد زیادہ سے زیادہ سکور کرنا اور سکواڈ کی مسابقتی فارم کو برقرار رکھنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ تمام حریفوں کا احترام کرتے ہیں اور ہر کوالیفائر کو ایک وقت میں دیکھتے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستانی ٹیم نے اسلام آباد میں کھیلے گئے گذشتہ میچ کی طرح کوئی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا جبکہ میزبان ٹیم میچ کے آغاز سے ہی جارحانہ موڈ میں نظر آئی۔ اس نے میچ کے آخری وقت تک پاکستان کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔

اردن کی ٹیم نے پاکستانی گول پر بار بار حملے کیے۔ میچ کا پہلا گول موسیٰ التعمری نے 15 ویں منٹ میں کیا  جبکہ دوسرا گول یازان النعمت نے پنالٹی کک پر 28 ویں منٹ میں کیا۔ میچ کا پہلا ہاف ختم ہونے تک اردن نے 0-2 کی برتری حاصل کر لی تھی۔

مقابلے کے دوسرے حصے کے ساتویں منٹ میں سعید الروسان نے ُاردن کے لیے تیسرا گول کیا۔ اُردن کا چوتھا گول موسیٰ التعمری نے ہی کیا جو ان کا دوسرا گول تھا۔

پانچواں گول علی علوان نے 75 ویں منٹ میں کیا۔ موسیٰ التعمری نے 79 ویں منٹ میں گول سکور کر کے اُردن کی برتری 0-6 کر دی اور ساتھ ساتھ اپنی ہیٹ ٹرک بھی مکمل کر لی۔

میچ کا ساتواں اور آخری گول ابو محمد نے 83 ویں منٹ میں کیا اور یوں پاکستان کو 0-7 سے شکست ہوئی۔

عمان انٹرنیشنل سٹیڈیم میں تماشائیوں کی ایک بڑی تعداد نے میچ دیکھا۔

پچھلے 16 سال کے دوران پاکستان کی یہ سب سے بڑے مارجن سے ناکامی ہے۔ کوالیفائر 2 میں پاکستان اپنے چاروں میچز میں شکست کھا چکا ہے۔

فیفا رینکنگ میں اردن کی 70 ویں جبکہ پاکستان کی 195 ویں پوزیشن ہے۔

پاکستان کو ورلڈ کپ کے دوسرے کوالیفائنگ راؤنڈ میں  چھ جون کو سعودی عرب اور 11 جون کو تاجکستان کے ساتھ میچ کھیلنا ہیں۔

مستند خبروں اور حالات حاضرہ کے تجزیوں کے لیے انڈپینڈنٹ اردو کے وٹس ایپ چینل میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فٹ بال