ٹی 20 ورلڈ کپ: ایرون جونز کی طوفانی اننگز، امریکہ فتح یاب

امریکی بلے باز ایرون جونز کی 40 گیندوں پر ناقابل شکست 94 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت امریکہ نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں کینیڈا کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔

یکم جون، 2024 کی اس تصویر میں امریکی ٹیم کے نائب کپتان ایرون جونز کینیڈا کے خلاف ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں نصف سینچری سکور کرنے کے بعد ساتھی کھلاڑی سے داد وصول کرتے ہوئے(اے ایف پی)

امریکی بلے باز ایرون جونز کی 40 گیندوں پر ناقابل شکست 94 رنز کی شاندار اننگز کی بدولت امریکہ نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں کینیڈا کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔

نیو یارک میں پیدا لیکن بارباڈوس میں پرورش پانے والے جونز نے اینڈریز گوس کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 131 رنز کی شاندار شراکت قائم کرتے ہوئے دس چھکے لگا کر میچ کی رفتار کو مکمل طور پر بدل دیا۔

جنوبی افریقہ کے سابق انڈر 19 بلے باز گوس نے 46 گیندوں پر 65 رنز بنائے۔

انہوں نے ایرون جونز کے ساتھ مل کر ایک ایسی شراکت قائم کی جس کی بدولت امریکی ٹیم ساتویں اوور میں دو وکٹوں کا نقصان اٹھانے کے بعد 16 ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز تک پہنچ گئی۔

امریکی ٹیم نے 17.4 اوورز میں 197 رنز بنا کر کینیڈا کو یک طرفہ شکست سے دو چار کیا۔

یہ شریک میزبان امریکہ کے لیے ٹورنامنٹ کا بہترین آغاز تھا۔ جس سے سٹیڈیم میں موجود شائقین خوشی سے جھوم اٹھے۔ جونز نے اپنی شاندار بلے بازی سے کینیڈین ٹیم کی ایک نہ چلنے دی۔

جونز کی یہ اننگز 2016 میں انگلینڈ کے خلاف ویسٹ انڈیز کے کرس گیل کے 11 چھکوں کے بعد ٹی 20 ورلڈ کپ کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ 10 چھکوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

میچ کے بعد جونز کا کہنا تھا کہ ’ہمارے بیٹنگ لائن اپ کے ساتھ ہم جانتے تھے کہ 200 سے کم رنز کا تعاقب ممکن ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’مجھے طاقت سے شاٹ لگانا پسند ہے۔ میں جانتا ہوں کہ اگر میں شاٹ کو مڈل کرتا ہوں تو یہ باؤنڈری سے باہر جائے گا۔ میں اس وقت آنا پسند کرتا ہوں جب ٹیم دباؤ میں ہو، یہ میری بہترین صلاحیت کو سامنے لاتا ہے۔‘

ٹی 20 ورلڈ کپ میں ڈیبیو کرنے والی کینیڈا کی ٹیم نے بھی پہلے کھیلتے ہوئے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور امریکہ کو جیتنے کے لیے 194 رنز کا ہدف دیا۔

کینیڈا کے نونیت دھلی وال 61 اور نکولس کرٹن نے 51 رنز بنائے۔

شریاس مووا نے 16 گیندوں پر 32 رنز کی اننگز کھیل کر کینیڈا کو گروپ اے کے میچ میں مضبوط سکور تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تاہم امریکہ کی مضبوط بلے بازی کے سامنے 193 کا سکور کافی کم ثابت ہوا۔

امریکہ ویسٹ انڈیز کے ساتھ مل کر ٹی 20 ولڈ کپ 2024 کی مشترکہ میزبانی کر رہا ہے اور گروپ مرحلے کے 16 میچز تین امریکی ریاستوں فلوریڈا اور نیو یارک اور ڈیلاس میں منعقد ہو رہے ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ