راولپنڈی میں ریسکیو 1122 کے مطابق راولپنڈی سے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے راولاکوٹ جانے والی مسافر کوسٹر کے گہری کھائی میں گرنے کے باعث 25 افراد جان سے چلے گئے ہیں۔
ریسکیو 1122 کے راولپنڈی میں ترجمان محمد عثمان گجر نے انڈپینڈنٹ ارود کو بتایا کہ افسوس ناک حادثہ راولپنڈی کی تحصیل کہوٹہ میں کہوٹہ روڈ پر گراری پل کے قریب پیش آیا، جہاں کوسٹر (مِنی بس) گہری کھائی میں گر گئی۔
انہوں نے کہا کہ حادثے میں 25 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، جن کی لاشوں کو کھائی میں سے نکال لیا گیا ہے جب کہ ایک شخص شدید زخمی ہے۔
عثمان گجر نے بتایا کہ مرنے والوں میں چھ خواتین، 15 مرد اور ایک بچہ شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جائے حادثہ پر ریسکیو 1122 کے علاوہ کچھ نجی ایمبولینسز اور مقامی افراد بھی موجود تھے، جو وہاں متاثرین حادثہ کو اٹھا کر ہسپتال لے گئے۔
’ریسکیو 1122 نے 22 نعشیں ہی ہسپتال پہنچائیں۔ باقی تین نعشیں ہسپتال میں پہلے سے موجود تھیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
عثمان گجر کے مطابق ریسکیو آپریشن میں تحصیل کہوٹہ، کلر سیداں اور راولپنڈی سے ریسکیو اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جائے حادثہ پر 25 سے زیادہ ریسکیو 1122 کے اہلکار اور 12 ایمرجنسی سروسز گاڑیاں استعمال ہو رہی ہیں۔
رجمان ریسکیو 1122 راولپنڈی کے مطابق میتوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر کہوٹہ منتقل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حادثے کی اطلاع ریسکیو 1122 راولپنڈی کو صبح 09:35 پر موصول ہوئی تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہوٹہ میں کوسٹر کو پیش آنے والے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو جان سے جانے والوں کے لواحقین کے ساتھ تعاون اور زخمیوں کو بہتر طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔