برطانیہ: مانچسٹر یونائیٹڈ کا ایک لاکھ نشستوں والا فٹ بال سٹیڈیم بنانے کا اعلان

مانچسٹر یونائیٹڈ کو امید ہے کہ یہ نیا گراؤنڈ پانچ سال میں مکمل ہو جائے گا، جسے اس کے شریک مالک جم ریٹ کلف نے ’دنیا کا سب سے عظیم فٹ بال گراؤنڈ‘ قرار دیا ہے۔

برطانوی فٹ بال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ نے منگل کو اعلان کیا ہے کہ وہ ایک لاکھ نشستوں والا نیا سٹیڈیم بنانے جا رہا ہے، جسے کلب کے شریک مالک جم ریٹ کلف نے ’دنیا کا سب سے عظیم فٹ بال گراؤنڈ‘ قرار دیا۔

پریمیئر لیگ کھیلنے والے فٹ بال کلب نے یہ فیصلہ طویل مشاورتی عمل کے بعد کیا، جس میں غور کیا گیا کہ آیا تاریخی اولڈ ٹریفرڈ سٹیڈیم کو جدید بنایا جائے یا اس کے قریب نیا سٹیڈیم تعمیر کیا جائے۔ یہ منصوبہ اولڈ ٹریفررڈ ری جنریشن ٹاسک فورس کے اشتراک سے تیار کیا گیا۔

مانچسٹر یونائیٹڈ نے اب باضابطہ طور پر اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ ’وہ اولڈ ٹریفرڈ کے علاقے کو بہتر بنانے کے منصوبے کے بڑے حصے کے طور پر ایک لاکھ نشستوں والا نیا سٹیڈیم تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔‘

کلب کو امید ہے کہ یہ نیا گراؤنڈ پانچ سال میں مکمل ہو جائے گا۔

اولڈ ٹریفرڈ کے نئے سٹیڈیم اور اس کے ارد گرد کے علاقے کے ممکنہ ڈیزائن کے ماڈلز اور تصویری خاکے منگل کو لندن میں واقع فوسٹر پلس پارٹنرز کے ہیڈکوارٹر میں پیش کیے گئے۔ اس معروف تعمیراتی فرم کو ستمبر میں سٹیڈیم کے علاقے کے ڈیزائن کے لیے مقرر کیا گیا۔

جم ریٹ کلف نے کہا: ’آج اس شاندار سفر کا آغاز ہو رہا ہے، جس کا نتیجہ دنیا کے سب سے عظیم فٹ بال سٹیڈیم کی صورت میں نکلے گا جو جدید اور ترقی یافتہ اولڈ ٹریفررڈ کے مرکز میں ہوگا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’ہمارا موجودہ سٹیڈیم گذشتہ 115 سال سے ہماری شاندار خدمت کر رہا ہے لیکن یہ دنیا کے بہترین سپورٹس اریناز سے پیچھے رہ گیا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’موجودہ مقام کے ساتھ ہی نیا سٹیڈیم بنانے سے ہم اولڈ ٹریفرڈ کی اصل شناخت برقرار رکھ سکیں گے جب کہ جدید ترین سٹیڈیم تعمیر کریں گے، جو شائقین کے تجربے کو یکسر بدل دے گا، ہمارے تاریخی گھر سے محض چند قدم کے فاصلے پر۔‘

کلب کے مطابق سٹیڈیم اور اس سے جڑے ترقیاتی منصوبے سے برطانیہ کی معیشت کو سالانہ 7.3 ارب پاؤنڈ (9.4 ارب ڈالر) کا اضافی فائدہ ہو سکتا ہے جب کہ ملازمت کے 92 ہزار نئے مواقع بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔

مانچسٹر یونائیٹڈ کے سابق مینیجر سر ایلکس فرگوسن، جنہوں نے 26 سالہ دور میں 13 پریمیئر لیگ ٹائٹل جیتے، نے نئے سٹیڈیم کی تعمیر کی حمایت کی۔

فرگوسن کا کہنا تھا کہ ’مانچسٹر یونائیٹڈ کو ہمیشہ ہر چیز میں بہترین کی کوشش کرنی چاہیے، چاہے وہ میدان میں ہو یا اس سے باہر اور اس میں وہ سٹیڈیم بھی شامل ہے، جہاں ہم کھیلتے ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’اولڈ ٹریفرڈ سے میری بہت سی حسین یادیں وابستہ ہیں لیکن ہمیں ہمت دکھانی ہوگی اور اس موقعے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ایسا نیا سٹیڈیم بنانا ہوگا، جو مستقبل کے لیے موزوں ہو، جہاں نئی تاریخ رقم کی جا سکے۔‘

ٹاسک فورس کے چیئرمین سیباسٹین کو، نے کہا کہ ’آج ایک اہم پیش رفت ہوئی اور میرا پختہ یقین ہے کہ یہ برطانیہ میں 2012 لندن اولمپکس کے بعد سب سے بڑا اور سب سے دلچسپ شہری ترقیاتی منصوبہ بن سکتا ہے۔‘

یونائیٹڈ امید کر رہا ہے کہ نیا سٹیڈیم پانچ سال میں مکمل ہو جائے گا، جس کے کچھ حصے آف سائٹ تعمیر کیے جائیں گے اور پھر انہیں مانچسٹر شپ کینال کے ذریعے منتقل کیا جائے گا۔

تاہم تعمیر کے آغاز کی حتمی تاریخ ابھی طے نہیں کی گئی۔

مالی وسائل کے حوالے سے، کلب کے چیف ایگزیکٹیو عمر برادہ نے کہا کہ ’یہ سرمایہ کاری کا بہت پرکشش موقع ہے، لہٰذا ہمیں پورا یقین ہے کہ ہم اس سٹیڈیم کے لیے مالی وسائل کا بندوبست کر لیں گے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فٹ بال