صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیرون ممالک بننے والی فلموں پر 100 فی صد ٹیکس عائد کرنے کی تجویز کو امریکہ میں ہندی فلموں کے صارفین نے افسوس ناک قرار دیا ہے۔
ٹرمپ نے حال ہی میں ایک بیان میں بیرونِ ممالک بننے والی فلموں پر 100 فیصد ٹیکس عائد کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔
ان کا کہنا تھا ’امریکہ کی فلمی صنعت تیزی سے دم توڑ رہی ہے‘ اور وہ ہالی وڈ کو اس کی سابقہ شان میں واپس لانا چاہتے ہیں۔
صدر ٹرمپ کے اس اعلان سے بالی وڈ فلم انڈسٹری بھی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کر رہی ہے، جو گذشتہ چند برسوں سے امریکی باکس آفس پر مضبوط مقام بنا چکی ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
امریکہ میں ہندو برادری کے ساتھ ساتھ دیگر بین الاقوامی فلم بین بھی بالی وڈ فلموں کو پسند کرتے ہیں۔
ٹرمپ کے اس بیان کے بعد امریکہ میں بالی وڈ فلموں کی ڈسٹری بیوشن کمپنی پرائم میڈیا نے کہا ’ہم اس معاملے پر مزید معلومات کا انتظار کر رہے ہیں۔
’فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا کہ اس کے ممکنہ اثرات کیا ہو سکتے ہیں۔‘
روئٹرز کے مطابق صرف 2024 میں بالی وڈ فلموں نے امریکی مارکیٹ سے 95 ملین ڈالرز کا ریونیو حاصل کیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ انڈیا کی فلمی صنعت امریکہ میں کتنا اثر رکھتی ہے۔
ٹرمپ نے اپنے بیان میں اشارہ دیا تھا کہ وہ محکمہ تجارت کو اس مجوزہ ٹیکس کے نفاذ کے لیے اختیارات دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
تاہم، انہوں نے اس پالیسی کی مکمل تفصیلات فراہم نہیں کیں، جس سے یہ واضح نہیں کہ آیا یہ ٹیکس صرف امریکہ سے باہر بننے والی فلموں پر لاگو ہو گا یا امریکی فلمیں بھی اس کی زد میں آئیں گی۔
ٹیکس کے نفاذ کی صورت میں، تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ’نہ صرف فلموں کی درآمد مہنگی ہو جائے گی بلکہ سینیما ٹکٹس کی قیمتیں بھی بڑھنے کا امکان ہے، جو عوام کے لیے یہ تفریح مہنگی بنا سکتی ہے۔
انڈپینڈنٹ اردو نے اس بارے میں امریکی ریاست ورجینیا کے ایک معروف سینیما فاکس ریگل میں فلم بینوں سے بات کی۔
متعدد صارفین نے کہا کہ اگر اس فیصلے سے بالی وڈ فلموں پر منفی اثر پڑا تو یہ ان کے لیے ’نہایت افسوس ناک‘ ہو گا۔
چند صارفین نے کہا کہ وہ اپنی نئی نسل کو انڈین ثقافت سے جوڑے رکھنے کے لیے ان کے ساتھ ہندی فلمیں دیکھنے آتے ہیں۔
ورجینیا میں فلم دیکھنے آئے ایک امریکی شہری جوزف تھامس نے کہا کہ ’یہ فلمیں ہمارے لیے نہ صرف تفریح ہیں بلکہ ہماری ثقافت کا حصہ ہیں۔ اگر ٹکٹ مزید مہنگی ہو گئی تو پوری فیملی کے ساتھ جانا ممکن نہیں رہے گا۔‘
دوسری جانب، صدر ٹرمپ نے ٹیرف کے بیان کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے مؤقف میں قدرے نرمی دکھائی اور کہا کہ وہ فلمی صنعت کے رہنماؤں سے ملاقات کریں گے تاکہ ان کی رائے بھی سنی جا سکے۔